رسائی کے لنکس

اسپین میں بیلوں کی روایتی دوڑ، 23 افراد زخمی


فیسٹول کے دوران سیکڑوں مقامی اور غیر ملکی منچلے روزانہ صبح پامپلونا کی تنگ پتھریلی گلیوں میں بپھرے ہوئے بیلوں کے ریوڑ کے آگے آگے دوڑتے ہیں۔

اسپین کے شہر پامپلونا میں ہونے والی بیلوں کی روایتی سالانہ دوڑ کے دوران میں 23 منچلے زخمی ہوکر اسپتال جاپہنچے ہیں۔

زخمیوں میں شامل ایک ہسپانوی اور ایک امریکی شہری کو بپھرے ہوئے بیلوں کے سینگوں کا نشانہ بننے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔

بیشتر افراد اس وقت زخمی ہوئے جب 'بل رِنگ' کو جانے والے ایک سرنگ نما تنگ راستے پر لوگوں کے ہجوم کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد بیلوں کے پیروں تلے روندے گئے۔

منتظمین کے مطابق جمعے کو ہونے والی دوڑ کے دوران بھی تین افراد زخمی ہوئے تھے جن مین سے ایک کو گہرے زخمی آئے ہیں۔

خیال رہے کہ 'پامپلونا' میں علی الصباح ہونے والی بیلوں کی روایتی دوڑ ہر سال منائے جانے والے 'سین فرمن فیسٹول' کا ایک اہم حصہ ہے جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سیاح اسپین کے اس شمالی شہر کا رخ کرتے ہیں۔

ایک ہفتے تک جاری رہنے والے فیسٹول کے دوران سیکڑوں مقامی اور غیر ملکی منچلے روزانہ صبح پامپلونا کی تنگ پتھریلی گلیوں میں بپھرے ہوئے بیلوں کے ریوڑ کے آگے آگے دوڑتے ہیں۔

اس طرح کی دوڑیں اسپین کے دیگر شہروں میں بھی منعقد ہوتی ہیں جن میں ہر سال درجنوں افراد بیلوں کے سینگوں کا نشانہ بننے اور قدموں تلے روندے جانے کے باعث زخمی ہوتے ہیں۔ ماضی میں اس دوڑ کے دوران میں اموات بھی ہوتی رہی ہیں۔
XS
SM
MD
LG