رسائی کے لنکس

تنقید کی بجائے کرزئی اتحادی فوجیوں کا شکریہ ادا کریں: پنیٹا


امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا
امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا

پنیٹا نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ ترقی کی وجہ غیر ملکی فوجیوں کی اس ملک کی سلامتی و تحفظ اور خود مختاری کے لیے جذبہ قربانی ہے۔

امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی کو افغانستان میں برسر پیکار اتحادی فوجیوں پر تنقید کی بجائے ان کی قربانیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

پنیٹا نے لاطینی امریکہ کے دورے کے دوران جہاز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں حالیہ ترقی کی وجہ غیر ملکی فوجیوں کی اس ملک کی سلامتی و تحفظ اور خود مختاری کے لیے جذبہ قربانی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو ہزار سے زائد امریکی مرد و خواتین فوجی ، ایساف کے فورس کے لوگ اور افغان بھی اس جنگ میں بہت سے لوگ کھو چکے ہیں۔

’’ہمارے فوجیوں نے ایک صحیح دشمن سے لڑائی میں جانیں قربان کیں نا کہ کسی غلط دشمن سے اور میرے خیال میں یہ مدگار ثابت ہوگا اگر صدر (کرزئی) کبھی کبھار ان قربانیوں کا شکریہ ادا کر دیا کریں جو افغانستان کے لیے دی گئیں ہیں بجائے انہیں تنقید کا نشانہ بنائیں۔‘‘

امریکی وزیر دفاع کا بیان صدر کرزئی کی جمعرات کو کابل میں ایک پریس کانفرنس کے جواب میں آیا جس میں افغان رہنما نے امریکہ پر دوغلی پالیسی پر چلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن افغانستان میں تو جنگجوؤں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے مگر سرحد پار پاکستان میں ان عسکریت پسندوں کے حمایتیوں پر خاموش ہے۔

افغان حکومت اور افغانستان میں امریکی اتحادی افواج یہ مطالبہ کرتے آئے ہیں کہ پاکستان سرحدی قبائلی علاقوں میں حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر شدت پسندوں کے اڈوں کے خلاف موثر کارروائی کرے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کسی بھی طرح کی کارروائی معروضی حالات کو دیکھ کر کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG