رسائی کے لنکس

رابن سوڈرلنگ کی پیرس ماسٹرز میں فتح


رابن سوڈرلنگ کی پیرس ماسٹرز میں فتح
رابن سوڈرلنگ کی پیرس ماسٹرز میں فتح

سوئیڈن کے رابن سوڈرلنگ پیرس ماسٹرز کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد کیریئر میں پہلی مرتبہ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔

اتوار کو کھیلے گئے پیرس ماسٹرز کے فائنل میں سوڈرلنگ کا مقابلہ فرانسیسی کھلاڑی گیل مونفلس سے تھا جو عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے تھے۔ تاہم مونفلس سوڈرلنگ کے مقابلے میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔

ہفتے کو تین، تین گھنٹے جاری رہنے والے دونوں سیمی فائنلز کے مقابلے میں اِن ڈّور ایونٹ کا فائنل محض 77 منٹ جاری رہا جس میں سوڈرلنگ نے اپنے فرانسیسی حریف کو 1-6 اور 6-7 (1-7) سے شکست دی۔

ہوم ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش میں مونفلس کی یہ مسلسل دوسری ناکامی ہے۔ 2009 کے پیرس ماسٹرز کے فائنل میں مونفلس سربیا کے نوواک ڈجوکووک سے شکست کھا گئے تھے۔

1000 رینکنگ پوائنٹس کا حامل پیرس ماسٹرز جیتنے کے بعد 26 سالہ سوئڈش کھلاڑی اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ 5380 پوائنٹس حاصل کرکے مردوں کی عالمی ٹینس رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ سوڈرلنگ عالمی نمبر تین نوواک ڈجوکوک سے محض 300 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ جبکہ اینڈی مرے 5360 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

ٹینس کی عالمی رینکنگ میں اسپین کے رافیل ندال 11،450 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 7645 پوائنٹس کے ساتھ بدستور دوسرے نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG