رسائی کے لنکس

کراچی میں سماجی کارکن پروین رحمٰن قتل


پروین رحمٰن پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر تھیں اور مختلف کالجز میں لیکچرار بھی رہیں۔ سماجی سرگرمیوں میں پیش پیش رہنے کے باعث ان کا بڑا مقام تھا

کراچی کے علاقے بنارس میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دیرینہ سماجی کارکن اور اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹریس، پروین رحمٰن کو قتل کر دیا۔

پروین رحمٰن پیشے کے اعتبار سے سول انجینئر تھیں اور مختلف کالجز میں لیکچرار بھی تھیں۔

سماجی سرگرمیوں میں پیش پیش رہنے کے باعث، اُن کا بڑا مقام تھا۔ وہ کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی بستی اورنگی ٹاوٴن میں’اورنگی پائلٹ پروجیکٹ‘ کی ڈائریکٹریس تھیں۔ اس پروجیکٹ کے تحت غریبوں کو رہائش کی بہتر سہولیات دی جارہی تھیں۔ اس کے علاوہ وہ اورنگی چیئرٹیبل ٹرسٹ کی بھی ڈائریکٹریس تھیں۔

بدھ کی رات پروین رحمٰن بنارس کے علاقے عبداللہ کالج کے قریب سے اپنی گاڑی میں سوار ڈرائیور کے ہمراہ گزررہی تھیں کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق اُنہیں تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ عباسی شہید اسپتال انتظامیہ نے بھی پروین رحمٰن کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال کے آخری ماہ میں کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کرکے انسداد پولیو مہم پر مامور پانچ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق بنارس سمیت شہر کے بعض مضافاتی علاقے ایسے ہیں جہاں قبائلی علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں آکر آباد ہوئی ہے، اور مبینہ طور پر ان میں شدت پسند بھی موجود ہیں جو خواتین کی اس طرح کی سرگرمیوں کو پسند نہیں کرتے۔
XS
SM
MD
LG