رسائی کے لنکس

شکاگو: اڑان بھر سے قبل مسافر طیارے میں آگ لگ گئی


امریکن ایئرلائنز نے کہا ہے کہ طیارے میں 161 مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے اور سبھی کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

شکاگو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے ’او ہیر‘ پر جمعہ کو امریکن ایئر لائنز کے ایک مسافر طیارے میں آگ لگ گئی، جس کے باعث ہنگامی طور پر مسافروں کو طیارے سے نیچے اتار لیا گیا۔

جب کہ اس واقعہ کے فوراً بعد کچھ وقت کے لیے کئی ’رن ویز‘ بند کر دیے گئے۔

شکاگو کے نشریاتی ادارے ’ڈبلیو ایل ایس‘ کے مطابق نو افراد معمولی زخمی ہوئے۔

حکام کے مطابق زخم معمولی نوعیت کے تھے جو عموماً ایسی صورت حال میں جہاز سے نکلتے ہوئے خراشوں کی صورت میں لگتے ہیں۔

امریکن ایئرلائنز نے بتایا ہے کہ طیارہ میامی جانے کے لیے اڑان بھرنے کی تیاری کر رہا تھا اور ’رن وے‘ پر آ چکا تھا کہ انجن میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پائلٹ نے طیارہ فضا میں بلند نہیں کیا۔

بوئنگ 767 طیارے سے سیاہ دھواں اٹھنے لگا ایسے میں ’فیوزلیج‘ کے طرف کی انخلا کی ’سلائیڈز‘ کھل گئیں اور مسافر باہر نکلنے لگے۔

امریکن ایئرلائنز نے کہا ہے کہ طیارے میں 161 مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے اور تمام کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

’نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ‘ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے گا۔

XS
SM
MD
LG