رسائی کے لنکس

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لئے نیا کوڈ آف کنڈکٹ متعارف کرادیا


انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے لئے نظرثانی شدہ کوڈ آف کنڈکٹ تیار کرلیا ہے۔
نئے کوڈ آف کنڈکٹ میں آئی سی سی کے کرپشن کے خلاف قوانین کے نفاذ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جبکہ اس کا اطلاق قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ہونے والی ہر سطح کی ڈومیسٹک کرکٹ پہ بھی ہوگا۔
گزشتہ ہفتے آئی سی سی نے پی سی بی کو ملک میں کرکٹ کے انتظامی معاملات درست کرنے اور کھلاڑیوں کے حوالے سے موجود خدشات کے جائزے کے لئے تیس دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو کھیل میں کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے اور اس معاملے میں 'زیرو ٹالیرنس' کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
دبئی میں ہونے والے دو روزہ آئی سی سی بورڈ کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کے "اینٹی کرپشن اینڈ سیکورٹی یونٹ" کے تیار کردہ قواعد کی روشنی میں ایک داخلی اینٹی کرپشن کوڈ متعارف کرانے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔
پیر کے روز نئے نامزد کردہ پاکستانی ٹیم منیجر انتخاب عالم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لئے نیا کوڈآف کنڈکٹ تیار کرلیا ہے جس کی تیاری میں آئی سی سی کی سفارشات کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق نئے کوڈ میں کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے انسدادِبدعنوانی کے قواعدوضوابط سے زیادہ بہتر طور پر روشناس کرانے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

نئے کوڈ آف کنڈکٹ کی رو سے کپتان سمیت تمام کھلاڑیوں پر کسی بھی ایونٹ کے دوران میڈیا سے بات چیت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نئے متعارف کرائے گئے قانون کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میچز میں بھی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے اور کھلاڑیوں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل نئے کوڈ آف کنڈکٹ پہ دستخط کرنا ہوں گے۔ پاکستان نیوٹرل وینیو پہ ہونے والی اس سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی نے بحیثیت منیجران کے اختیارات میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں دورے کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے بدنظمی اور بدتمیزی جیسی شکایات سے موقع پر ہی سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ انہوں نے بذاتِ خود کھلاڑیوں کو نئے کوڈ آف کنڈکٹ پہ بریفنگ دی ہے جبکہ آئندہ چند روز میں چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ بھی کھلاڑیوں کو بریف کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام انتظامات اس لیے کیے جارہے ہیں کیونکہ بقول ان کے وہ نہیں چاہتے کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ دوبارہ ہو جیسا انگلینڈ میں پیش آیا تھا۔
ایک برطانوی اخبار کی جانب سے پاکستان کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باؤلرز محمد آصف اور محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے جس پر آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں کو واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کردیا تھا۔
تینوں کھلاڑیوں نے خود پر عائد کردہ الزامات کی تردید کرتے ہوئے آئی سی سی کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جن کی سماعت رواں ماہ کی 30 اور 31 تاریخ کو دوہا میں ہوگی۔

XS
SM
MD
LG