رسائی کے لنکس

شہریار خان بلامقابلہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب


شہریار خان (فائل فوٹو)
شہریار خان (فائل فوٹو)

80 سالہ شہریار خان ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شہریار خان کو بلامقابلہ بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

پیر کو بورڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان کا انتخاب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے تحت ہوا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے تحت تیس روز کے اندر انتخابات کرانے کے لیے جسٹس (ریٹائرڈ) سائر علی کو الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا۔

چیئرمین کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اگست تھی تاہم کسی نے شہریار خان کے مقابلے میں کاغذات جمع نہیں کرائے۔

گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مستعفی ہونے والے چیئرمین نجم سیٹھی نے سپریم کورٹ میں یہ بیان داخل کیا تھا کہ وہ بورڈ کے آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

دس رکنی گورننگ بورڈ میں چاروں ریجنز اور چار ڈپارٹمنٹ کے نمائندے شامل ہیں، جنہوں نے بورڈ کے نئے آئین کے تحت چیئرمین کا انتخاب کیا۔

80 سالہ شہریار خان دوسری مرتبہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بنے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2003ء میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) توقیر ضیا کی جگہ پی سی بی کے چیئرمین بنے تھے، لیکن تقریباً تین سال اس عہدے پر رہنے کے بعد انھیں اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔

شہریار خان ماضی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ روابط کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 1999ء میں جب پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 13 سال کے طویل عرصے کے بعد بھارت کا دورہ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG