رسائی کے لنکس

سری لنکا سیریز کے لیے محسن خان عبوری کوچ مقرر


سری لنکا سیریز کے لیے محسن خان عبوری کوچ مقرر
سری لنکا سیریز کے لیے محسن خان عبوری کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے چیف سلیکٹر محسن حسن خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا عارضی کوچ مقرر کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کل وقتی کوچ کی تلاش جاری ہے جس کے پیشِ نظر رواں ماہ کے وسط سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی سیریز کے لیے عبوری کوچ کا تقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس حالیہ دورہ زمبابوے کے بعد طبی وجوہات کی بنیاد پر اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

پی سی بی نے نئے کوچ کی تقرری کے لیے انتخاب عالم کی سربراہی میں ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے۔ کمیٹی نے مذکورہ عہدے کے لیے پانچ امیدواران کی فہرست گزشتہ ہفتے بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو بھجوادی ہے جن کی جانب سے منظور کیے جانے والے فرد کے ساتھ کمیٹی کوچنگ کے معاہدے کی تفصیلات طے کرے گی۔

اطلاعات کے مطابق مذکورہ فہرست میں کم از کم دو غیر ملکی افراد کے نام بھی شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

تاہم مستقل کوچ کی تقرری کے عمل میں ممکنہ تاخیر کے پیشِ نظر بورڈ کی جانب سے چیف سلیکٹر محسن حسن خان کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران کوچ کی اضافی ذمہ داری دیتے ہوئے انہیں ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی قومی ٹیم رواں ماہ کی 18 تاریخ سے سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کے میچز متحدہ عرب امارات کے شہروں ابوظہبی، دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ دورے سے قبل قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 10 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔

قبل ازیں گزشتہ روز سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں زمبابوے کے خلاف حالیہ سیریز میں ٹیم کا حصہ رہنے والے بلے باز عمر اکمل کو ڈراپ کرکے فاسٹ بالرز عمر گل اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

XS
SM
MD
LG