رسائی کے لنکس

عراق: نتائج مرتب ہونےمیں پانچ تا دس برس لگ سکتےہیں: امریکی کمانڈر


عراق ایک مستحکم ، مضبوط اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے کوشاں امریکہ کا حلیف بن جاتا ہے تو پھر یہ کوشش اور قربانی کار آمد ثابت ہوگی

عراق میں امریکی افواج کے کمانڈر جنرل رے اوڈیرنو نے، جو بہت جلد عراق میں اپنی تعیناتی کے چار برس مکمل کرنے والے ہیں، کہا ہے کہ پانچ تا دس سال تک یہ واضح نہیں ہو پائے گا آیا وہاں لیے جانے والے امریکی اقدامات کامیاب ثابت ہوئے یا نہیں، اور یہ کہ آئندہ مہینوں کے دوران ملک میں قائم ہونے والی حکومت اِس ضمن میں ایک فوری عندیے کا کام دے گی۔

پینٹگان چنل پر جنرل اوڈیرنو سے انٹرویو کرنے والے کا سوال تھا کہ تقریباً 4000امریکی ہلاکتیں، 18000سے زائد کا زخمی ہونا اور اربوں ڈالر کے اخراجات کیا واقعی کارآمد تھے۔ جنرل نے کہا کہ اگر عراق اِس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک مستحکم ، مضبوط اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے کوشاں امریکہ کا حلیف بن جاتا ہے تو پھر یہ کوشش اور قربانی کار آمد ثابت ہوگی۔

جنرل نے کہا کہ، ' اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر میرا خیال ہے کہ یہ کوشش کامیاب رہی۔ کیونکہ میرے خیال میں یہاں دیرپا استحکام آسکتا ہے۔ ابھی ہمیں انتظار کرنا ہوگا کہ ایسا ہوتا ہے یا نہیں۔'

جنرل اوڈیرنو نے کہا کہ عراق پر امریکی قیادت میں حملے کے سات برس بعد بھی ابھی یہ واضح ہونے میں برسوں کا وقت لگ جائے گا آیا یہ کوشش کامیاب رہی یا نہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ عراق میں دوسری منتخب جمہوری حکومت کی تشکیل بھی ملک میں مستقبل کی کامیابی کا یقین کرنے میں ایک کلیدی عمل ثابت ہوگی۔

اُنھوں نے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل واقعی بے حد اہم ہے۔ 'یہ کیسے مرتب کی جاتی ہے اور اِس کے نتائج کیا رہتے ہیں۔ کیا یہ مزید استحکام لا پائے گی یا عدم استحکام میں اضافہ کرے گی۔ ہمیں یہ معلوم نہیں۔ ہمیں پورے عمل کا انتظار کرنا ہوگا۔ اگر ہم دیکھتے ہیں کہ نئی حکومت زیادہ استحکام لانے میں کامیاب ہوتی ہے تو پھر میرے خیال میں ہم اپنی کامیابی کے قریب ہیں۔'

عراق میں انتخابات کے بعد مختلف مسائل کی وجہ سے ابھی تک حکومت کی تشکیل میں تاخیر ہوتی آئی ہے۔

جنرل اوڈیرنو نے اشارتاً کہا ہے کہ اِن مسائل کے باوجود ستمبر تک فوجوں کی تعداد 95000سے کم کرکے 50000تک کرنے کے منصوبوں پر کوئی اثر مرتب نہیں ہوگا۔

اُنھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سمتبر تک عراقی افواج جنگی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہوں گی اور آئندہ برس کے آخر تک امریکی افواج کی واپسی مکمل ہونے تک وہ پورے طور پر فرائض سنبھال سکیں گی۔

توقع ہے کہ جنرل آئندہ چند ماہ کے دوران عراق میں اپنے فرائض مکمل کر لیں گے اور پھر امریکہ میں سینئر کمان سنبھالیں گے۔

XS
SM
MD
LG