رسائی کے لنکس

پینٹاگان کے سویلین ملازمین کے لیے بغیر اجرت کی 14چھٹیاں


اطلاعات کے مطابق، وزیر دفاع نے بدھ کو ’فرلو‘ کے دِنوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا، جن کا سابقہ پینٹاگان کےتقریباً آٹھ لاکھ سویلین ملازمین میں سے زیادہ تر کو پڑے گا، اور یہ چھٹیاں 22 کے بجائے اب 14دن ہوں گی

امریکی محکمہٴدفاع کے سویلین ملازمین اِس سال بغیر اجرت کی 14چھٹیوں پر جائیں گے، جب کہ اِس سے قبل کے اندازوں کے مطابق ایسی چھٹیوں کی تعداد 22بتائی جارہی تھی۔

ایک اہل کار نےجمعرات کو بتایا کہ یہ گنجائش کانگریس کی طرف سے ازخود کٹوتیوں کے معاملے پر منظور ہونے والی قانون سازی کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے، جس پر صدر نے گذشتہ ہفتے دستخط کر دیے ہیں۔

رائٹرز کی ایک خبر کے مطابق، اِس اہل کار نے نام نہ بتانے کی شرط پرکہا ہے کہ وزیر دفاع چک ہیگل نے بدھ کو ’فرلو‘ کے دِنوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، جن کا سابقہ پینٹاگان کےتقریباً آٹھ لاکھ سویلین ملازمین میں سے زیادہ تر کو پڑے گا، اور یہ چھٹیاں 22 کے بجائے اب 14دن ہوں گی۔

گذشتہ ہفتے پینٹاگان کے ملازمین کو’ فرلوز‘ کے نوٹس بھیجنے جانے والے تھے۔ تاہم، اِن میں تاخیر کانگریس کے اُس اقدام کے نتیجے میں واقع ہوئی جس کی رو سے 30نومبر کو مکمل ہونے والے مالی سال کے خاتمے تک حکومت کے فنڈز کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ دو ہفتے کے اندر اندر یہ بات واضح ہوجائے گی آیا مالی اعتبار سے اِس اقدام کا کیا اثر پڑتا ہے۔

اس سال محکمہٴدفاع کو چار کروڑ ڈالر کی بجٹ کٹوتی درپیش ہے جس کا سبب از خود لاگو ہوجانے والی معاشی صورت حال تھا، ایسے میں جب کانگریس اور وائٹ ہاؤس خسارے میں کمی لانے کے متبادل طریقوں پر سمجھوتے میں ناکام رہے۔ یہ کٹوتیاں پہلی مارچ سے عمل میں آگئی تھیں۔

پینٹاگان کی بجٹ کو فنڈز کی عارضی کمی بھی درپیش ہوئی جس کے باعث اصل اکاؤنٹ میں پیسے کم آئے جس سے سویلین کارکناں کو تنخواہ دی جاتی ہے۔

گذشتہ ہفتے صدر نے منظور ہونے والے جس بل پر دستخط کیےاس کے باعث لاگو ہونے والی از خودکٹوتیوں کا معاملہ ٹل گیا، اور سویلینز کو تنخواہ کے لیے زیادہ پیسے ا کاؤنٹ میں موصول ہوئے، جس سے پینٹاگان کے لیے یہ ممکن ہوا کہ بغیر اجرت کی چھٹی میں کمی کی جائے۔

پینٹاگان نے اس بات کا اعلان نہیں کیا آیا تقریباً آٹھ لاکھ سویلینز ملازمین میں سے کتنے بغیر اجرت کی چھٹی پر چاہیں گے، لیکن عہدے داروں کی پیش گوئی کے مطابق، یہ تعداد 80 فی صد کی سطح پر ہوگا۔

اہل کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے سویلینز جو لڑائی سے متعلق کام سے وابستہ ہیں اُن پر اس اقدام کا اثر نہیں پڑے گا۔ لیکن، لازمی سروس والے باقی کتنے ملازمین اس سے مستثنیٰ ہیں، اس بارے میں اعلان نہیں ہوا۔
XS
SM
MD
LG