رسائی کے لنکس

جاپان: نئے امریکی فوجی اڈے کی تعمیر کا اجازت نامہ منسوخ


اوکی ناوا کے گورنر تاکیشی اوناگا (فائل فوٹو)
اوکی ناوا کے گورنر تاکیشی اوناگا (فائل فوٹو)

اوکی ناوا کے رہائشی امریکی ہوائی اڈے کی نئے مقام پر منتقلی کے بھی سخت مخالف ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ امریکی اڈہ جزیرے سے کہیں اور منتقل کیا جائے۔

جاپان کے جنوبی جزیرے اوکی ناوا کے گورنر نے مرکزی حکومت کے دباؤ کے باوجود جزیرے پر نئے امریکی فوجی اڈے کی تعمیر کا اجازت نامہ منسوخ کردیا ہے۔

گورنر تاکیشی اوناگا نے اجازت نامے کی باضابطہ منسوخی کا اعلان منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کیا جس کے بعد امکان ہے کہ وزیرِاعظم شینزو ایبے کی مرکزی حکومت ان کے اس اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔

پریس کانفرنس میں گورنر اوناگا کا کہنا تھا کہ ان کے پیش رو نے فوجی اڈے کی تعمیر کا جو اجازت نامہ جاری کیا تھا اس میں قانونی اور دیگر سقم موجود تھے جس کے باعث اسے منسوخ کیے بنا کوئی چارہ نہیں۔

لیکن مرکزی حکومت کے کابینہ سیکریٹری یوشی ہائیڈ سوگا نے کہا ہے ٹوکیو حکومت گورنر اوناگا کے فیصلے کو درخورِ اعتنا نہیں سمجھتی اور ان کے اس فیصلے کو عدالت سے کالعدم قرار دلانے کی کوشش کرے گی۔

ٹوکیو میں جوابی پریس کانفرنس کرتے ہوئے یوشی ہائیڈ سوگا نے کہا کہ اوکی ناوا کے سابق گورنر نے امریکی اڈے کی نئی جگہ پر تعمیر کی انتطامی اجازت دی تھی جس کی وجہ سے مرکزی حکومت کی نظر میں منصوبے پر عمل درآمد کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

جزیرہ اوکی ناوا کے علاقے فیوٹینما میں دوسری جنگِ عظیم کے بعد سے امریکی فوج کا ہوائی اڈہ موجود ہے جہاں 19 ہزار سے زائد امریکی میرینز تعینات ہیں۔

لیکن یہ ہوائی اڈہ انتہائی گنجان آباد رہائشی علاقے میں ہے جس کے باعث مقامی لوگ اس کی وجہ سے ہونے والے شور، آلودگی اور امریکی فوجیوں کے جاپانی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کے ماضی میں سامنے آنے والے پے در پے واقعات کے باعث سخت نالاں ہیں۔

امریکہ اور جاپانی حکومت نے 1996ء میں اس فوجی ہوائی اڈے کو فیوٹینما سے اوکی ناوا کے ہی ایک نسبتاً دور دراز اور کم گنجان علاقے ہینوکو منتقل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

لیکن اوکی ناوا کے رہائشی امریکی ہوائی اڈے کی نئے مقام پر منتقلی کے بھی سخت مخالف ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ امریکی اڈہ جزیرے سے کہیں اور منتقل کیا جائے۔

گزشتہ سال گورنر منتخب ہونے والے تاکیشی اوناگا نے اپنی انتخابی مہم ہی ہوائی اڈے کو بند کرانے کے نعرے کی بنیاد پر چلائی تھی اور گورنر بننے کے بعد سے ان کے اور مرکزی حکومت کے درمیان اس معاملے پر چپقلش اور مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔

گزشتہ ماہ گورنر اوناگا نے ہوائی اڈے کی منتقلی کے مقام پر زمین کی بھرائی کا کام رکوا دیا تھا جس کے بعد مقامی اور مرکزی حکومتوں کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات جاری تھے جو کامیاب نہیں ہوسکے۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق جاپانی عوام کی اکثریت اپنے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مخالف ہے جو امریکی اور جاپانی حکام کے بقول "علاقائی سکیورٹی برقرار رکھنے اور خطرات کے فوری مقابلے، قدرتی آفات سے نبٹنے اور علاقے میں امریکہ اور جاپان کے مفادات کے تحفظ کے لیے وہاں موجود ہیں۔"

XS
SM
MD
LG