رسائی کے لنکس

فلپائن کے شہریوں پر 41 ملکوں میں ملازمت کرنے پر پابندی


فلپائن کے شہریوں پر 41 ملکوں میں ملازمت کرنے پر پابندی
فلپائن کے شہریوں پر 41 ملکوں میں ملازمت کرنے پر پابندی

فلپائن نے کہا ہے کہ وہ اپنے شہریوں پر اُن 41 ملکوں میں کام کرنے پر پابندی لگا دے گا جہاں مزدوروں کو استحصال سے تحفظ فراہم کرنے کے ضابطے اطمینان بخش نہیں۔

لیبر اور ایمپلائمنٹ سیکرٹری روسلندا بلدوز نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے نسبتاََ کم لوگ متاثر ہوں گے کیونکہ جو 41 ممالک اس کے دائرہ کارمیں آتے ہیں وہ پہلے ہی بڑی تعداد میں روزگار کے متلاشی فلپائن کے شہریوں کو قبول نہیں کرتے۔

فلپائن کی نو کروڑ چالیس لاکھ آبادی کا دس فیصد بیرون ملک کام کے حصول کے لیے جاتے ہیں۔ بلدوز کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کمپنیوں میں ملازمت کرنے والوں پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے سے متاثر ہونے والے ملکوں میں کام کرنے والے وطن واپسی کی خواہش رکھنے والوں کی بحالی میں مدد کی جائے گی۔

ممنوعہ ملکوں کی فہرست میں افغانستان، پاکستان، لیبیا اور عراق بھی شامل ہیں۔ یہ فہرست فلپائن میں حال ہی میں متعارف کرائے گئے ایک قانون کے بعد تیار کی گئی ہے جس میں صرف ایسے ملکوں میں ملازمتوں کے لیے اپنے شہری بھیجنے کو حکومت کا پابند کیا گیا ہے جہاں تاریکین وطن کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے۔

فلپائن اُن ملکوں کو بھی مزدور بھیجے گا جنہوں نے تاریکین وطن کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کررکھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG