رسائی کے لنکس

امریکہ اور فلپائن کی مشترکہ فوجی مشقیں، ایک اہلکار ہلاک


فائل
فائل

گیارہ روزہ مشقوں کا آغاز پیر کو ہوا تھا جس میں پانچ ہزار سے زائد امریکی جب کہ ساڑھے تین ہزار فلپائنی فوجی اہلکار شریک ہیں۔

فلپائن اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں میں شریک ایک فلپائنی فوجی اہلکار ایک حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

فلپائن کی افواج کی جانب سے جمعے کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ فلپائن کے ساحلی علاقے سیوبک کے ہوائی اڈے کےنزدیک جمعرات کو پیش آیا۔

بیان کے مطابق مشقوں کے دوران فوجی اہلکار نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پیراشوٹ باندھ کو جہاز سے چھلانگ لگائی تھی لیکن وہ تیز ہواؤں کے باعث نزدیکی سمندر میں جاگرا۔

حکام کے مطابق فلپائن اور امریکہ دونوں کی افواج حادثے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

فوجی مشقوں کے لیے امریکی فوج کے نامزد ترجمان کیپٹن ایلکس لِم نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا ہے کہ مشقوں میں شریک تمام اہلکاروں کی حفاظت دونوں ملکوں کی اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور فلپائن کی مشترکہ فوجی مشقیں ہر سال ہوتی ہیں لیکن اس سے قبل ان میں کسی اہلکار کے ہلاک ہونے کا کوئی واقعہ ان کے علم میں نہیں۔

گیارہ روزہ مشقوں کا آغاز پیر کو ہوا تھا جس میں پانچ ہزار سے زائد امریکی جب کہ ساڑھے تین ہزار فلپائنی فوجی اہلکار شریک ہیں۔ مشقیں فلپائن کےکئی علاقوں میں بیک وقت جاری ہیں۔

فلپائن اور خطے کے دیگر ملکوں کے بحیرۂ جنوبی چین کے جزائر کی ملکیت پر چین کے ساتھ جاری تنازعات کے بعد سے امریکہ نے خطے کے ملکوں کے ساتھ فوجی تعاون میں اضافہ کیا ہے۔

امریکہ نے گزشتہ ایک سال کے دوران فلپائن کو 12 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوجی امداد دی ہے جس کا مقصد امریکی حکومت کے بقول فلپائن کی سلامتی اور دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔

امریکی وزیرِ دفاع ایش کارٹر بھی اگلے ہفتے فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے منیلا کا دورہ کریں گے جہاں وہ فلپائن کی بحری فوج کے لیے مزید چار کروڑ ڈالر سے زائد کے امدادی پیکج کا اعلان کریں گے۔

XS
SM
MD
LG