رسائی کے لنکس

فلپائن: بم دھماکے میں صحافیوں سمیت چھ زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فوجی حکام کے مطابق یہ دھماکا جزیرہ منڈاناؤ میں سڑک میں نصب بم کے پھٹنے سے ہوا اور اس علاقے میں سکیورٹی فورسز ایک باغی گروپ کے خلاف لڑائی میں بھی مصروف ہے۔

جنوبی فلپائن میں ہفتہ کو ہونے والے ایک بم دھماکے میں دوصحافیوں سمیت کم از کم چھ افراد زخمی ہو گئے۔

فوجی حکام کے مطابق یہ دھماکا جزیرہ منڈاناؤ میں سڑک میں نصب بم کے پھٹنے سے ہوا۔

اس علاقے میں سرکاری فوج بانگسامورواسلامک فریڈم فائٹرز (بی آئی ایف ایف) کے جنگجوؤں کے خلاف برسرپیکار ہے۔ یہ شدت پسند گروپ حکومت اور باغیو کے درمیان ایک مجوزہ امن معاہدے کی مخالفت کرتی آرہی ہے۔

اس گروپ کا تعلق مورو لبریشن فرنٹ کے ایک منحرف دھڑے سے ہے جس کے ساتھ حکومت نے گزشتہ ہفتے ایک خود مختار مسلم علاقے کے قیام کے لیے مذاکرات مکمل کیے تھے۔

بی آئی ایف ایف نے حکومت کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا ہے کہ مورو لیبریشن فرنٹ حکومت کے ساتھ سمجھوتے کے لیے زیادہ لچک کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

کئی دیگر باغی گروپ بھی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مخالفت کر رہے ہیں۔

گزشتہ چالیس سال سے جنوبی فلپائن میں جاری لڑائی میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جس کے نتیجے میں اس علاقے میں ترقی کا عمل بھی رک گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG