رسائی کے لنکس

پشاور: پی آئی کے طیارے پر فائرنگ، خاتون مسافر ہلاک


'پی آئی اے' کے ترجمان کے مطابق واقعہ منگل کی شب 'پی کے 756' کے ساتھ پیش آیا جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے پشاور آ رہی تھی۔

پاکستان ایئر لائنز کے ایک طیارے پر پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون مسافر ہلاک اور عملے کے دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

'پی آئی اے' کے ترجمان مشہود تاجور نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ واقعہ منگل کی شب 'پی کے 756' کے ساتھ پیش آیا جو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے پشاور آرہی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ لینڈنگ سے قبل طیارے پر زمین سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون مسافر اور عملے کے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی مسافر خاتون بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

'پی آئی اے' کے ترجمان کے مطابق طیارے میں 178 مسافر سوار تھے۔


ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ فائرنگ کے بعد پائلٹ نے بحفاظت طیارہ ایئر پورٹ پر اتار لیا ہے جہاں انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے اہلکار طیارے کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے اس کا معائنہ کر رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی'پی ٹی وی' نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ طیارہ لینڈنگ سے قبل ایک ہزار سے 1500 میٹر کی بلندی پر تھا جب اس پر ایئرپورٹ کے نواحی علاقے سے فائرنگ کی گئی۔

'پی ٹی وی' نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے پر مختلف اطراف سے فائرنگ کی گئی اور جہاز پر کم از کم 12 گولیاں لگی ہیں۔

'سول ایوی ایشن' کے ترجمان عابد قائم خانی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد پشاور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق چل رہا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔


پشاور پولیس کے 'ایس ایس پی آپریشنز' ڈاکٹر نجیب نے ایک نجی ٹی وی چینل کو بتایا ہے کہ طیارے پر فائرنگ کے بعد ایئرپورٹ سے متصل علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

مسافر طیارے پر فائرنگ کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب پشاور کے نزدیک واقع قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے۔
XS
SM
MD
LG