رسائی کے لنکس

نجی ائیر لائنز کے کرائے اور ٹرینوں میں رش بڑھ گیا


نجی ایئرلائنز نے کرایوں میں 300 فیصد تک اضافہ کردیا ہے، جبکہ پریشان حال شہری ٹرین سے سفر کرنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج کے دوسرے روز ملک بھر میں فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند رہا جس کی وجہ سے سینکڑوں ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوئیں۔

اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئرلائنز نے کرایوں میں 300 فیصد تک اضافہ کردیا ہے، جبکہ پریشان حال شہری ٹرین سے سفر کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔

کراچی سے لاہور کا یکطرفہ کرایہ 8000 روپے سے بڑھا کر اچانک 17 ہزار روپے کر دیا گیا، جبکہ اسلام آباد کا یکطرفہ کرایہ9 سے 20 ہزار روپے کر دیا گیا۔ انتہائی ضروری سفر کرنے والوں کو مجبوراً مہنگے ٹکٹ خریدنا پڑ رہے ہیں۔

ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدر یحییٰ پولانی کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائنز نے کرائے 3 گنا بڑھادئیے ہیں، جبکہ ہڑتال کے پہلے روز تو کراچی اسلام آباد کا ریٹرن ٹکٹ 54 ہزار روپے تک جا پہنچا تھا۔

زائد کرایوں کا نوٹس
مسابقتی کمیشن نے کرایوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا ہے۔ ادھر ٹریول ایجنٹس نے کہا ہے کہ وہ اپنی طرف سے اضافہ نہیں کررہے بلکہ ائیرلائنز اس کی ذمے دار ہیں۔

’ایئربلیو ‘کو پروازوں کی اجازت
قومی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن بند ہونے کے بعد حکام نے نجی ایئرلائن ایئربلیو کو خصوصی پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نجی ایئر لائن کو آج سے 3شہروں کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ مسافروں کی تکلیف کا ازالہ کیا جاسکے۔

ٹرینوں میں مسافروں کی ’بھرمار ‘
موجودہ صورتحال کے پیش نظر ٹرینوں میں مسافروں کا رش غیرمعمولی حد تک بڑھ گیا ہے ۔قومی ائیرلائنز کے دفاتر اور ٹکٹ کاوٴنٹرز سے عملہ غائب ہے تو کراچی کے سٹی اور کینٹ اسٹیشنز پر ایڈوانس بکنگ کے کاوٴنٹرز کے سامنے مسافروں کی لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ کچھ مقامات پر ٹکٹیں ’بلیک‘ کئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

XS
SM
MD
LG