رسائی کے لنکس

کولمبیا: حادثے کے شکار طیارے کا ’ایندھن ختم ہو گیا تھا‘


یہ خصوصی طیارہ جنوبی برازیل سے کولمبیا کے شہر میڈیلن جا رہا تھا کہ پیر کو دیر گئے منزل سے کچھ دور ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

برازیل کی ایک فٹبال ٹیم کو لے جانے والے جس چارٹرد طیارے کو رواں ہفتے حادثہ پیش آیا، اُس کے بارے میں ملنے والی ایک آڈیو ریکارڈنگ سے پتہ چلا ہے کہ حادثے سے قبل جہاز کا ایندھن ختم ہو گیا تھا۔

یہ خصوصی طیارہ جنوبی برازیل سے کولمبیا کے شہر میڈیلن جا رہا تھا کہ پیر کو دیر گئے منزل سے کچھ دور ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

اس فضائی حادثے میں برازیل کے ایک فٹبال کلب ’چپیکونس‘ کے کھلاڑیوں سمیت 71 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ چھ افراد زندہ بج گئے۔

طیارے کے پائلٹ اور کولمبیا کے ائیر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والی بات چیت سے متعلق چار منٹ دورانیے کی آڈیو ریکارڈنگ کولمبیا کے میڈیا نے حاصل کی۔

اس آڈیو میں پائلٹ کی طرف سے یہ بار بار یہ کہا گیا کہ ایندھن ختم ہو رہا ہے اور جہاز کا الیکٹرانک نظام فیل ہو گیا ہے اس لیے جہاز کو لینڈنگ کی اجازت دی جائے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ایندھن مطلوبہ منزل پر پہنچنے سے قبل کیوں ختم ہوا۔ اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں لیکن حادثے کے حقائق جاننے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

عہدیدار اس حادثے کی دیگر ممکنہ وجوہات کو بھی رد نہیں کر رہی ہیں۔

دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین کی طرف سے اس حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے، برازیل کے مایہ ناز فٹبالر پیلے نے ٹوئٹر پر کہا کہ برازیلین فٹبال سوگ میں ہے۔

برطانیہ کے مشہور زمانہ فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا جب کہ ریال میڈرڈ کلب نے اپنی مشق ختم کر کے مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ارجنٹائن کے ماضی کے شہرہ آفاق فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG