رسائی کے لنکس

محمکہٴ ٹیکس سے ناراض شخص نےدانستہ طورپر جہاز کو عمارت سے ٹکرایا: امریکی عہدے دار


عہدے دار واقعے کو مجرمانہ حرکت قرار دے رہے ہیں دہشت گرد حملہ نہیں

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ امریکی اِنٹرنل روینو سروس (یعنی محکمہٴ ٹیکس) سے ناراض ایک شخص نےریاست ٹیکساس میں جان بوجھ کر اپنے چھوٹے طیارے کو اُس عمارت سے ٹکرادیا جس میں ٹیکس دفاترواقع ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے پائلٹ کی شناخت، اینڈریو سٹیک کےطور پر کی ہے، جو ریاست کے دارالحکومت آسٹن کے رہائشی ہیں، جہاں طیارہ گِر کر تباہ ہوا۔

اُن کا کہنا ہے کہ خودکشی کے واقعے سے پہلے جو خط اس نے تحریر کیا تھا وہ اُس شخص کی ویب سائیٹ پرموجود ہے، جس میں اُس نے آئی آر ایس پرشدید نکتہ چینی کی ہے۔

عہدے دارکہتے ہیں کہ یہ واقعہ مجرمانہ حرکت ہے دہشت گرد حملہ نہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ طیارے کا گِر کر تباہ ہونا اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں کے مطابق اِس واقعے میں 13 لوگوں کے چوٹیں آئیں جنھیں طبی امداد دی گئی۔ اُن کا کہنا ہے کہ دو افراد کی لاشیں نہیں ملیں جن میں پائلٹ اوراِس عمارت میں ملازمت کرنے والا ایک شخص شامل ہے۔

سٹیک، سافٹ ویئر انجنیئر تھے۔ اہل کاروں کا خیال ہے کہ سٹیک نے اپنے ایک انجن کے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے، حادثے کی جگہ سے آٹھ کلومیٹر دور اپنے گھر کو بظاہر آگ لگائی ۔

اپنے آن لائن پیغام میں، سٹیک نے اِنٹرنل روینو سروس کے ساتھ اپنے تنازعے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔

عہدے داروں کا کہنا ہے جمعرات کی صبح چھوٹا طیارہ عمارت کی نچلی سطح پر جا لگا اور شعلے اُٹھنے لگے۔ آگ بجھانے والے عملے کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث عمارت کا بہت سا حصہ جل گیا جِس کے بعد ہی کہیں جاکرآگ پر قابو پایا گیا۔ چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ طیارہ نچلی پرواز کر رہا تھا اور ٹکرا کر تباہ ہونے سے پہلے اُس کا رُخ عمارت کی سمت تھا۔

XS
SM
MD
LG