رسائی کے لنکس

بستر مرگ پر پوتے سے ملاقات، جہاز کو پرواز سے روک دیا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جہاز کے عملے اور پائلٹ کی طرف سے مسافر جوڑے کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پائلٹ نے رن وے پر دوڑتے ہوئے طیارے کا رخ فضا میں بلند کرنے کے بجائے اسے واپس ائیر پورٹ کی جانب موڑ دیا۔

ایک مسافر بردار طیارے کے پائلٹ نے رن وے پر گامزن پرواز کو عین آخری لمحات میں اڑان بھرنے سے روک لیا تاکہ جہاز میں سوار معمر مسافر جوڑے کو ان کے شدید بیمار پوتے سے آخری ملاقات کا موقع مل سکے۔

روزنامہ ’مانچسٹر ایوننگ نیوز‘ کے مطابق اتحاد ائیر ویز کا طیارہ مانچسٹر ائیرپورٹ کے رن وے پر اڑان بھرنے ہی والا تھا جب جہاز کے معمر مسافر جوڑے کو ایک ٹیکسٹ پیغام موصول ہوا کہ ان کا بیمار پوتا انتہائی نگہداشت میں ہے۔

جہاز کے عملے اور پائلٹ کی طرف سے مسافر جوڑے کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پائلٹ نے رن وے پر دوڑتے ہوئے طیارے کا رخ فضا میں بلند کرنے کے بجائے اسے واپس ائیر پورٹ کی جانب موڑ دیا۔

عملے کی جانب سے مسافر جوڑے کو سامان کے ساتھ جہاز سے رخصت کیا گیا تاکہ وہ جلد سے جلد اپنے پوتے کے پاس پہنچ سکیں اور انھیں اپنے پوتے سے آخری ملاقات کا موقع مل سکے۔

یہ دل کو چھو لینے والا واقعہ اس معمر جوڑے کی ٹریول ایجنٹ بیکی اسٹیون نے ٹریول گوسپ کے فیس بک صفحہ پر شئیر کیا ہے۔

انھوں نے لکھا کہ خوش قسمتی سے یہ جوڑا وقت پر اسپتال پہنچ گیا جہاں انھوں نے کچھ وقت اپنے پوتے کے ساتھ گزارا جو اگلے ہی دنیا سے چل بسا۔

انھوں نے کہا کہ "میں نے اتحاد ائیر لائنز کے سیلز مینجر کو ایک پیغام لکھا ہے اور اس غیر معمولی اقدام کے لیے ان کے عملے کی تعریف کی ہے جبکہ ائیر لائن کے صارفین کے ساتھ اس قدر تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔"

بقول بیکی اسٹیون یہ جوڑا ابوظہبی کے ذریعے آسٹریلیا جانے والی پرواز میں سوار تھا اور اگر انھیں اسوقت جہاز سے اترنے کا موقع نہیں دیا جاتا تو وہ اپنے پوتے کو الوداع کہنے کے قابل نہیں ہوسکتے تھے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ تھا جو ہمارے صارف کے ساتھ پیش آیا لیکن جہاز کے عملے نے جس طریقے سے ان کی مدد کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔

XS
SM
MD
LG