رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: مسافر طیارہ گر کر تباہ، 54 افراد کی ہلاکت کا خدشہ


'ٹریگانا ایئر' کا فلیٹ 14 جہازوں پر مشتمل ہے جن کی اوسط عمر ساڑھے 26 سال ہے۔

'ٹریگانا ایئر' کا فلیٹ 14 جہازوں پر مشتمل ہے جن کی اوسط عمر ساڑھے 26 سال ہے۔

طیارہ نجی فضائی کمپنی 'ٹری گانا ایئر' کی ملکیت تھا جو انڈونیشیا کے انتہائی مشرقی صوبے پاپوا کے دارالحکومت جایاپورا سے صوبے کے جنوبی علاقے اوکسی بل جارہا تھا۔

انڈونیشیا کا ایک مسافر طیارہ ملک کے دور دراز مشرقی پہاڑی علاقے پاپوا میں گر کر تباہ ہوگیا ہے جس پر 54 افراد سوار تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ حادثے میں کتنا جانی نقصان ہوا ہے اور آیا طیارے پر سوار کوئی شخص زندہ بچا ہے۔

انڈونیشیا کے ایئر ٹرانوپہرٹیشن کے ڈائریکٹر جنرل سپراستیو نے دارالحکومت جکارتہ میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ کئی گھنٹوں قبل لاپتا ہونے والے طیارے کے بارے میں اطلاع ملی ہے کہ وہ ضلع اوکے باپ میں واقع بنتانگ کے پہاڑی سلسلے میں گرا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علاقہ مکینوں نے طیارہ گرنے کے مقام کی نشاندہی کی ہے جہاں امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق طیارے پر پانچ بچوں سمیت 49 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے اور جب اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقع ہوا تو وہ گھنے جنگل پر پرواز کر رہا تھا۔

طیارہ نجی فضائی کمپنی 'ٹری گانا ایئر' کی ملکیت تھا جو انڈونیشیا کے انتہائی مشرقی صوبے پاپوا کے دارالحکومت جایاپورا سے صوبے کے جنوبی علاقے اوکسی بل جارہا تھا۔ دونوں شہروں کے درمیان 50 منٹ کا فضائی سفر ہے۔

گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی سلسلوں کے باعث پاپوا کے مختلف شہروں کے درمیان سفر کے لیے فضائی سروس کا استعمال معمول ہے۔

'ٹری گانا ایئر' کے ڈائریکٹر آپریشنز بینی سمار یانتو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ طیارے کی گمشدگی کی اطلاع ملنے کے 30 منٹ کے اندر اندر ایئرلائن نے فلائٹ کے طے شدہ راستے پر ایک اور طیارہ روانہ کردیا تھا لیکن موسم کی خرابی اور اندھیرا ہونے کے سبب لاپتا طیارے کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

حادثے کا شکار ہونے والا 'اے ٹی آر' ساختہ طیارہ اٹلی اور فرانس میں بنا تھا اور اس نے اپنی پہلی پرواز 27 سال قبل بھری تھی۔

فضائی حادثوں کا ریکارڈ مرتب کرنے والی ایک آن لائن کمپنی 'ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک' کے مطابق غیر معیاری ریکارڈ کی بنیاد پر 'ٹریگانا ایئر' پر یورپی یونین نے 2007ء سے پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے تحت کمپنی کے طیارے یورپ کی حدود میں داخل نہیں ہوسکتے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'ٹریگانا ایئر' کا فلیٹ 14 جہازوں پر مشتمل ہے جن میں 10 'اے ٹی آر' اور چار 'بوئنگ 737' شامل ہیں۔ کمپنی کے طیاروں کی اوسط عمر ساڑھے 26 سال ہے۔

سنہ 1991ء سے اپنے آپریشن کا آغاز کرنے والی کمپنی کے طیاروں کو اب تک 14 سنگین حادثات پیش آچکے ہیں جس میں اس کے 10 طیارے ناکارہ یا تباہ ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG