رسائی کے لنکس

امریکی سفیر کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات


امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات میں رواں ماہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے متوقع دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن نے پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں رواں ماہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے متوقع دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایک مختصر سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سے متعلق اُمور بھی زیر بحث آئے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم یہ کہہ چکی ہیں کہ رواں ماہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے اسٹرایٹیجک مذاکرات کا آئندہ دور ہو گا جس میں جان کیری بھی شرکت کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اس بارے میں تاریخوں کے تعین کے علاوہ دیگر تفصیلات طے کی جا رہی ہیں، جن کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ اُس کے امریکہ سے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

طویل المدت شراکت داری کے اسٹریٹیجک مذاکرات کے تحت دونوں ملکوں کی طرف سے تشکیل کردہ ورکنگ گروپوں کی سطح پر توانائی، دفاع، سلامتی سے متعلق امور اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کے بارے میں مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے 2013ء کے اواخر میں امریکہ کا سرکاری دورہ کیا تھا اور پاکستانی عہدیداروں کے مطابق صدر براک اوباما اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات سے ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے میں مدد ملی جس سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک نئی سمت کے تعین میں مدد ملی۔

گزشتہ نومبر میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے امریکہ کا طویل دورہ کیا جس میں اُن کی امریکی فوج کے اعلی کمانڈروں اور صدر براک اوباما کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ اراکین کانگریس سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG