رسائی کے لنکس

وزیراعظم پیر کو تھر کا دورہ کریں گے


وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا ہے کہ، ’وزیراعظم نے کل کی اپنی ساری مصروفیات ملتوی کرِدی ہیں۔ وہ تھر کی امداد کیلئے کل تھرپارکر جائیں گے‘

تھر کے قحط سالی سے متاثرہ علاقے کا جائزہ لینے کے لیے، وزیراعظم نواز شریف پیر کو تھرپارکر کا دورہ کریں گے۔

اس بات کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔

بقول اُن کے، ’وزیراعظم نے کل کی اپنی ساری مصروفیات ملتوی کرِدی ہیں۔ وہ تھر کی امداد کیلئے کل تھرپارکر جائیں گے‘۔


اُنھوں نے کہا کہ وزیر اعظم تھر کےعوام کی مشکلات کا کوئی طویل المدت حل نکالیں گے۔

پرویز رشید کے الفاظ میں: ’تھر کے عوام انسانی المیے کا شکار ہیں۔ متاثرین کی امداد کیلئے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔‘


اُنہوں نے کہا کہ تھرپارکر پاکستان کا ایک اہم حصہ ہے، اور وفاقی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس علاقے کی فلاح و بہبود کا خیال رکھے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے پیر کے روز ہونے والی تمام اہم ملاقاتیں منسوخ کرکے سندھ کے قحط زدہ شہر تھرپارکر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب، وزیراعظم کے حکم پر وفاقی حکومت کی جانب سے قحط سے متاثرہ افراد کی امدادکے لئے ہيلی کاپٹرز فراہم کرديے ہيں، جبکہ متاثرين کی امداد کيلئے طويل المدتی اقدامات کيےجا رہے ہيں۔

واضح رہے کہ تھرپارکر کے شہر مِٹھی میں قحط سالی اور غذا کی عدم فراہمی کے باعث درجنوں بچوں سمیت 150 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سندھ اور وفاقی حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
XS
SM
MD
LG