رسائی کے لنکس

طیارے کے حادثے میں پولینڈ کے صدر کی ہلاکت پر ملک سوگوار


پارلیمان کے سپیکر نے عبوری سربراہ مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

پولینڈ کےصدر لیخ کازنسکی(Lech Kaczynski) اور اُن کی اہلیہ سمیت ملک کی کئی اہم شخصیات کی ایک روز قبل مغربی روس میں طیارے کے حادثے میں ہلاکت پر اتوار کو ملک بھرمیں اس قومی سانحہ پر سوگ منایا جا رہا ہے۔

پولش حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ دارالحکومت وارسا سے روس کے مغربی شہر سمولینکس جارہے تھے جہاں انھیں1940 میںروسی افواج کے ہاتھوں دوسری جنگ عظیم میں22ہزار پولش فوجیوں کے قتل عام کی 70 ویں برسی کی تقریب میں شرکت کرنا تھی۔

لیکن شدید دھند میںسمولینکس کےرن وے پر اترنے کے دوران جہاز درختوں سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی اور طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں جہاز میں موجود تمام 97 افراد ہلاک ہوگئے۔

پولینڈ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے علاوہ ملک کی مسلح افواج کے سربراہان، نائب وزیر خارجہ، مرکزی بینک کے سربراہ، پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر اور اراکین پارلیمان بھی طیارے کے اس حادثے میں مرنے والوں میں شامل ہیں۔

ہفتے کی شب پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں لگ بھگ ایک لاکھ افراد ہاتھوں میں روشن موم بتیاں اور پھول لیے اس افسوس ناک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کا سوگ منانے کے لیے صدارتی محل کے سامنے جمع ہوئے۔ بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ شہر کے مرکز میں روشن موم بتیوں اور پھولوں کا سیلاب امڈ آیا ہو۔

پارلیمان کے سپیکر نے عبوری سربراہ مملکت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ملک میں ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ ملک کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک اور پولینڈ کے صدر کے جڑواں بھائی جاروسلانے نے دوسر ے عہدے داروں کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں کی شناخت کی۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں کو جہاز کے دونوں بلیک باکس مل گئے ہیں جن سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ حادثے سے قبل جہاز کے پائلٹ اور کنٹرول ٹاور میں موجود عہدے داروں کے درمیان کیا گفتگو ہوئی تھی اور جس سے اس تباہ کن حادثے کی وجوہات کوجاننے میں مدد ملے گی۔

روسی حکام نے ابتدائی تحقیقات میں کہا ہے کہ پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا کیونکہ اس نے کنٹرول ٹاور کی طرف سے انتباہ کو نظر انداز کر دیا تھا کہ شدید دھند کے باعث وہ رن پر اترنے سے گریز کرے۔

60سالہ کازنسکی نے 2005ء میں صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پولینڈ کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اور رواں سال ہونے والے صدارتی انتخاب میں دوسری مدت کے لیے حصہ لینے کا عندیہ ظاہر کرچکے تھے۔

XS
SM
MD
LG