رسائی کے لنکس

بھارت: 'انڈین مجاہدین' کا سرغنہ گرفتار


فائل
فائل

بھارت کی پولیس 'انڈین مجاہدین' پر حالیہ برسوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے درجنوں بم حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتی ہے۔

بھارت نے اندرونِ ملک دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث مسلمان شدت پسند تنظیم 'انڈین مجاہدین' کے مبینہ سرغنہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دارالحکومت دہلی کے اسپیشل پولیس کمشنر ایس این سری واستوا کے مطابق تحسین اختر کو نیپال کے ساتھ بھارتی سرحد کے نزدیک ایک علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھارتی پولیس نے گزشتہ ہفتے تنظیم کے چار سرکردہ افراد کو اسلحے کی بڑی مقدار کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس اسلحے کو بھارت میں آئندہ ماہ ہونےو الے عام انتخابات کے دوران دہشت گرد حملوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

بھارت کی پولیس 'انڈین مجاہدین' پر حالیہ برسوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والے درجنوں بم حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتی ہے۔

بھارتی انٹیلی جنس حکام کا الزام ہے کہ 'انڈین مجاہدین' کو پڑوسی ملک پاکستان سے مدد ملتی ہے۔ تنظیم کو 2011ء میں امریکہ نے بھی 'دہشت گرد' قرار دیا تھا۔

منگل کو دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے بتایا کہ'انڈین مجاہدین' کے بانی سربراہ یاسین بھٹکل کو گزشتہ سال اکتوبر میں نیپال سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد سے تنظیم کی سرگرمیوں کی نگرانی تحسین اختر کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق تحسین اختر بھارت کے اہم سیاسی رہنما اور وزارتِ عظمیٰ کے مرکزی امیدوار نریندر مودی کے ایک انتخابی جلسے میں گزشتہ سال ہونے والے بم دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

اکتوبر میں پونا میں ہونے والے ان دھماکوں میں چھ افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ان حملوں کے بعد بھارتی حکومت نے نریندر مودی کے محافظوں کی تعداد دگنی کردی تھی جس کے بعد انہیں حاصل سکیورٹی ملک کے وزیرِاعظم کو دستیاب سکیورٹی کے برابر ہوگئی ہے۔
XS
SM
MD
LG