رسائی کے لنکس

افغانستان: پولیس اہلکار نے آٹھ ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

زابل پولیس کے نائب سربراہ غلام جیلانی فراحی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار موقع سے فرار ہوتے ہوئے  گاڑی اور اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گیا ہے۔

افغانستان کے جنوبی صوبے زابل میں ایک پولیس اہلکار نے ایک چیک پوسٹ پر تعینات اپنے آٹھ ساتھیوں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

زابل پولیس کے نائب سربراہ غلام جیلانی فراحی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکار موقع سے فرار ہوتے ہوئے گاڑی اور اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گیا ہے۔

طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے کہا کہ یہ حملہ ان کے عسکریت پسند نے کیا ہے۔ انہوں نے امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کو بتایا کہ حملہ آور اب "ان کے پاس ہے"۔

دوسری طرف صوبہ اورزگان کے ضلع درہراود میں ایک پولیس اہلکار نے دو ساتھی پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے مار دیا۔ ضلعی پولیس کے سربراہ شاہ محمد نے اسے بظاہر ذاتی دشمنی کا واقعہ قرار دیا۔

افغانستان میں اپنے ساتھی اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک ہونے کے واقعات ایک معمول ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ان میں زیادہ تر طالبان جنگجوؤں کے حامی ملوث ہوتے ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں قندہار کے ہوائی اڈے پرتعینات بین لاقوامی فورس کے دو ارکان کو ایک افغان سیکورٹی اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ان دونوں کا تعلق رومانیہ کی خصوصی فورسز سے تھا۔

گزشتہ سال ایک امریکی فوجی اہلکار اس وقت مارا گیا جب جلال آباد شہر میں ایک افغان فوجی نے امریکی فوجیوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کر دی۔

افغانستان میں 2014 کے اواخر میں بین الاقوامی افواج کے اںخلا کے بعد لڑاکا مشن تو ختم ہو چکا ہے اور اب تقریباً 13,000 بین الاقوامی فوجی جن میں اکثریت امریکیوں کی ہے، مقامی سکیورٹی فورسز کو انسداد دہشت گردی میں معاونت اور تربیت کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG