رسائی کے لنکس

پاکستان: پولیو کے پانچ نئے کیس، تعداد 58 ہوگئی


پاکستان میں پولیو کے پانچ نئے کیسز سامنے آنے کےبعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد58 تک جا پہنچی ہے

پاکستان میں ایک ہی دن میں پولیو کے پانچ نئے کیس سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں پولیو کے نئے کیس سامنے آنے کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 58 تک جا پہنچی ہے

قومی ادارہ صحت نے پانچوں نئے کیسز کی تصدیق کردی ہے۔ ادارے کے مطابق پانچوں کیسز کا تعلق پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا اور فاٹا سے بتایا گیا ہے۔

وزیراعظم پولیو مانیٹرنگ سیل سے ملنے والی معلومات کے مطابق پولیو کے تین کیس شمالی وزیرستان میں سامنے آئے ہیں جب کہ جنوبی وزیرستان اور بنوں میں ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

وزیراعظم پولیو سیل کے مطابق پانچ نئے کیسز سامنے آنے کی وجہ ان بچوں کو والدین کی جانب سے پولیو کے قطرے نہ پلوانا ہے۔

پاکستان میں رواں سال اب تک سامنے آنے والے پولیو کے 58 کیسز میں 45 کیسز فاٹا، پشاور سے 4، بنوں سے 5، اور سندھ کے شہر کراچی سے 4 کیسز ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو مہم چلائے جانے کے باوجود ایک ہی دن میں متواتر پانچ نئے پولیو کیسز سامنے آنا پاکستان میں پولیو جیسے مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت کو گزشتہ ماہ پولیو فری ملک قرادیاجاچکا ہے۔ لیکن پاکستان میں کئی برس سے جاری پولیو کے خلاف جنگ کے باوجود پاکستان اب تک 'پولیو فری' قرار نہیں پاسکا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق نائیجریا اور افغانستان کے بعد سب سے زیادہ پاکستان میں پولیو کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ اگر آئندہ چند برسوں میں پاکستان میں پولیو وائرس کا خاتمہ نہ ہوسکا تو پاکستانیوں پر بیرون ممالک سفری پابندیاں عائد ہونے کا امکان ہے۔
XS
SM
MD
LG