رسائی کے لنکس

کراچی میں ضمنی انتخاب: پولنگ کا عمل مکمل


این اے-246 میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے جس میں غیر سرکاری اور غیر حتمی ابتدائی نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل کو برتری حاصل ہے۔

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 (کراچی آٹھ) میں جمعرات کو پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق حلقے سے موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی ابتدائی نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل کو برتری حاصل ہے۔

جمعرات کو حلقے میں ہونے والی پولنگ کے دوران سیاسی جماعتوں اور ووٹرز کے چھوٹے موٹے شکوے شکایات اور کچھ مقامات پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف نعروں کے علاوہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

حلقے کے گلبرگ، ایف بی ایریا، عزیزآباد، لیاقت آباد، شریف آباد، کریم آباد اور دیگر تقریباً تمام علاقوں میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرز کی سہولت کے لئے جگہ جگہ الیکشن کیمپس قائم کئے گئے تھے ۔

پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک جاری رہی۔ کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کچھ دیر سے شروع ہوئی جس پر سیاسی رہنماوٴں کی جانب سے تنقید ہوئی جبکہ بعض سیاسی رہنماوٴں کی جانب سے پولنگ میں تاخیری حربوں کے الزامات بھی عائد کئے گئے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے پولنگ کے وقت میں تین گھنٹے اضافے کا مطالبہ بھی کی تاہم الیکشن کمیشن نے ان کا مطالبہ بلاجواز قرار دے کر مسترد کردیا۔

ایک ووٹر کی رائے
حلقے کے ایک ووٹر مبین احمد نے وی او اے کو بتایا ”میں نے اس سے پہلے بھی کئی انتخابات میں ووٹ ڈالا لیکن اس قدر سیکورٹی کبھی نہیں دیکھی، رینجرز اہلکاروں نے اصل شناختی کارڈ چیک کرنے اور تلاشی کے بعد ہی پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت دی جبکہ پولنگ بوتھ کے اندرونی حصے میں بھی رینجرز اہلکار موجودتھے، انہوں نے بھی شناختی کارڈ چیک کیا۔ اس کے بعد میں نے ووٹ کاسٹ کیا۔ میرے خیال میں اسے شفاف ترین انتخاب کہا جاسکتا ہے، اب کسی کو بھی دھاندلی کا رونا نہیں رونا چاہئے۔“

اعداد شمار
الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق این اے 246 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 57 ہزار 781 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 186 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 594 ہے۔ حلقے میں کل213 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جن میں خواتین اور مردوں کیلئے 15‘15جبکہ 183مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔ مردوں کے 402اور خواتین کے 367 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے۔

امیدواروں کی تعداد
ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امیدواروں سمیت 12 امیدوار انتخابی دنگل میں اترے تھے تاہم اصل مقابلہ ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل، جماعت اسلامی کے راشد نسیم اور تحریک انصاف کے عمران اسماعیل کے درمیان ہے۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر وسطیٰ کے دفتر میں نگرانی کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا جبکہ بہت بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز کی نفری موجود تھی۔

یہ نشست 2013ء کے عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے سردار نبیل گبول نے جیتی تھی تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے پارٹی سے اختلافات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے اس نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے 23 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی۔

XS
SM
MD
LG