رسائی کے لنکس

چرچ کی بھلائی میں مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا: پوپ بینڈکٹ


پوپ بینڈکٹ الوداعی خطاب کررہے ہیں
پوپ بینڈکٹ الوداعی خطاب کررہے ہیں

پوپ بینڈکٹ نے عقیدت مندوں سے کہا کہ وہ نئے سربراہ اور کارڈینلز کے لیے دعا کریں جب کہ ان کی نیک تمنائیں اور دعائیں ہمیشہ چرچ کے ساتھ ہوں گی۔

پوپ بینڈکٹ شانز دہم نے کہا ہے کہ انھیں اپنے فیصلے کی شدت اور گھمبیرتا کا اندازہ ہے لیکن یہ انھوں نے چرچ کی بھلائی کے لیے کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو سینٹ پیٹر اسکوائر میں اپنے الوداعی عوامی خطاب کے دوران کیا۔ وہ سات سو سالوں میں رومن کیتھولک چرچ کی سربراہی سے مستعفیٰ ہونے والے پہلے پوپ ہیں۔

پوپ بینڈکٹ نے عقیدت مندوں سے کہا کہ وہ نئے سربراہ اور کارڈینلز کے لیے دعا کریں جب کہ ان کی نیک تمنائیں اور دعائیں ہمیشہ چرچ کے ساتھ ہوں گی۔

جمعرات کو پوپ اپنے کارڈینلز سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہ کاسل گاندولفو میں واقع گرمائی رہائش گاہ منتقل ہو جائیں گے۔

ریٹائرمنٹ کے بعد پوپ بینڈکٹ کو ’’پوپ ایمریٹس‘‘ کا لقب دیا جائے گا اور وہی لباس زیب تن کریں گے جو وہ رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا کے طور پر پہنا کرتے تھے۔ اس بات سے بہت سے عقیدت مند متفکر دکھائی دیتے ہیں جب کہ بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے نئے پوپ کے لیے کچھ کشیدگی پیدا ہوسکتی ہے۔

لیکن چرچ کے حکام کا کہنا ہے کہ تبدیلی کا یہ عمل پرامن ہوگا اور بینڈکٹ کی موجودگی سے نئے رہبر کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

بینڈکٹ یہ کہہ چکے ہیں وہ سبکدوش ہونے کے بعد خاموشی سے عبادت اور مراقبے کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

85 سالہ بینڈکٹ 2005ء میں پوپ جان پال دوئم کے انتقال کے بعد پاپائے روم منتخب ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG