رسائی کے لنکس

لاہور چرچ حملے پر پوپ فرانسس کا اظہارِ افسوس


فائل
فائل

پوپ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عیسائیوں پر منظم حملے ہورہے ہیں اور ان کا خون صرف ان کے عقیدے کی وجہ سے بہایا جارہا ہے۔

رومن کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے پاکستان کے شہر لاہور میں دو گرجا گھروں پر اتوار کو ہونے والے حملوں پہ گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو ویٹی کن کے 'سینٹ پیٹرز' اسکوائر میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ انہیں پاکستان میں عیسائیوں کے خلاف کارروائیوں پر سخت تشویش ہے۔

پوپ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عیسائیوں پر منظم حملے ہورہے ہیں اور ان کا خون صرف ان کے عقیدے کی وجہ سے بہایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں قیامِ امن اور وہاں "عیسائیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور دنیا کی جانب سے ان مظالم پر پردہ ڈالنے کی کوششوں کے خاتمے" کے لیے دعاگو ہیں۔

اتوار کو لاہور کی ایک عیسائی آبادی میں قائم دو گرجا گھروں پر مبینہ خود کش حملوں کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے تھے۔

گرجا گھروں پر حملوں کے بعد احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے والے مشتعل ہجوم نے دو افراد کو مشتبہ قرار دے کر تشدد کے بعد زندہ جلا دیا تھا جب کہ کئی مقامات پر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔

لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے دونوں گرجا گھروں پر حملوں کی الگ الگ ایف آئی آرز درج کرلی ہیں اور واقعات کی تفتیش کی جارہی ہے۔ حملوں کی ذمہ داری پاکستانی طالبان کے ایک گروہ نے قبول کی ہے۔

XS
SM
MD
LG