رسائی کے لنکس

ایران مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات کے حل میں مدد کرے، پوپ


1999ء کے بعد پوپ اور کسی ایرانی صدر کے درمیان ہونے والی یہ پہلی ملاقات ہے۔
1999ء کے بعد پوپ اور کسی ایرانی صدر کے درمیان ہونے والی یہ پہلی ملاقات ہے۔

منگل کو حسن روحانی ویٹی کن میں رومن کیتھولک عیسائیوں کے مرکزی کلیسا گئے اور پوپ سے ملاقات کی۔

رومن کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے اپنا "اہم کردار" ادا کرے۔

پوپ فرانسس نے یہ اپیل منگل کو ویٹی کن میں ایران کے صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات میں کی۔

ویٹی کن حکام کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تخلیے میں ہونے والی ملاقات چالیس منٹ تک جاری رہی جس میں پوپ نے ایرانی صدر سے مشرقِ وسطیٰ میں دہشت گردی کی روک تھام اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔

ملاقات کےبعد ویٹی کن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پوپ نے ایران کی توجہ اس کردار کی جانب دلائی جو وہ مشرقِ وسطیٰ کو درپیش مسائل کے حل میں ادا کرسکتا ہے۔

ایرانی صدر پیر کو اٹلی پہنچے تھے جو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ایران کے کسی صدر کا یورپ کا پہلا دورہ ہے۔ منگل کو حسن روحانی ویٹی کن میں رومن کیتھولک عیسائیوں کے مرکزی کلیسا گئے اور پوپ سے ملاقات کی جو 1999ء کے بعد پوپ اور کسی ایرانی صدر کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات ہے۔

اپنے چار روزہ دورۂ یورپ کے دوران حسن روحانی فرانس بھی جائیں گے۔ ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر طے پانے والے سمجھوتے اور اس کے نتیجے میں ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایرانی صدر کا یورپ کا یہ پہلا دورہ ہے جس کا مقصد ماضی میں ایران کے اتحادی یورپی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی بحالی ہے۔

ایران سے بین الاقوامی پابندیاں اٹھنے کے بعد سے ایرانی صدر مسلسل ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور اس بارے میں کئی بیانات دے چکے ہیں۔

اٹلی اور پھر فرانس کے دورے کے دوران بھی ایرانی صدر دونوں ملکوں کی اہم کاروباری شخصیات اور تاجروں سے ملاقاتیں کرکے انہیں ایران میں سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

منگل کو ویٹی کن کے دورے سے قبل اٹلی کے دارالحکومت روم میں کاروباری شخصیت کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب میں صدر روحانی نے کہا کہ ایران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خطے کا سب سے محفوظ اور مستحکم ملک ہے۔

XS
SM
MD
LG