رسائی کے لنکس

پاکستانی ڈراموں کے جگماتے چہرے


زمانہ بدل گیا، چہرے بدل گئے لیکن ڈرامہ انڈسٹری کی گود میں پلنے والے منجھے ہوئے اداکاروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

پاکستان میں ’غیر اعلانیہ ڈرامہ انڈسٹری‘ کی جڑیں بہت گہری اور اس کی شاخیں دور دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔ حکومتی سرپرستی نہ ہونے کے باوجود یہ پچھلے کئی عشروں سے مسلسل پھلتی پھولتی رہی ہے اور اس وقت بھی جبکہ ملک میں ہرطرف گلیمر کی چکا چوند ہے اور دنیا بھر کی خوبصورت جگہوں کے دلکش نظاروں سے سجی غیر ملکی فلموں اور سوپ اوپیرا باآسانی ناظرین تک دسترس رکھتے ہیں ملکی ڈراموں کی مقبولیت کم نہیں ہوئی۔

اس دیرینہ کامیابی کی وجوہات پر نظر ڈالیں تو اچھی کہانی، عمدہ ڈائریکشن، شاندار پروڈکشنز اور سب سے بڑھ کر وہ ڈرامہ آرٹسٹ ہیں جو خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ جس وقت ملک میں اداکاری سکھانے والی ایک بھی اکیڈمی نہیں تھی اس وقت بھی اس انڈسٹری نے لازوال فنکاروں کو جنم دیا۔ اور آج بھی ایسے فنکاروں کی کوئی کمی نہیں جنہوں نے فطرت کے بطن سے جنم لیا اور اداکاری میں نام پیدا کیا۔

زمانہ بدل گیا، چہرے بدل گئے لیکن ڈرامہ انڈسٹری کی گود میں پلنے والے منجھے ہوئے اداکاروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ فواد خان، فہد مصطفی، حنا دل پذیر، عدیل حسین، فیضان خواجہ، سائرہ یوسف، شہر یار منور صدیقی، صنم بلوچ، ثروت گیلانی وغیرہ وغیرہ۔ غرض کہ یہ فہرست بہت طویل ہے۔

انہی فنکاروں سے متعلق کچھ تفصیلی بات کریں تو ایک پہلو یہ بھی اجاگر ہوتا ہے کہ ان میں سے کچھ تو ایسے بھی ہیں جو بیک وقت دوشعبوں کی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں جیسے فواد خان اور شہریار منور صدیقی۔

فواد خان
فواد اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ موسیقی کے بھی دلدادہ ہیں۔ ایک انگریزی اخبار ’ٹری بیون ‘ کا کہنا ہے کہ فواد کا ENTITY PARDIGM نام سے باقاعدہ ایک میوزیکل بینڈ بھی ہواکرتا تھا۔ فواد اسی بینڈ کے ذریعے شوبز میں آئے لیکن ”ہم سفر“ وہ ڈرامہ تھا جو فواد کو شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔

فواد نے ”ہم سفر “میں رومینٹک شوہر کا کردار کچھ اس ادا سے بنھایا کہ ہر لڑکی ایسے ہی ’ہم سفر‘ کی تمنا کرنے لگی۔ فواد آج کل ”ہم ٹی وی“ کی ڈرامہ سیریل ”زندگی گلزارہے“ میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آرہے ہیں۔

فہد مصطفی
فہد مصطفی نے اپنی منفرد شناخت بنائی سن 2002میں۔ اس سال ان کی ڈرامہ سیریل ”شیشے کا محل“ آئی جس میں فہد نے ایک گونگے لڑکے کا کردار ادا کیا تھا۔ پھر 2011ء میں "میں عبدالقادرہوں" میں انہوں نے انتہائی مشکل کردار اس مہارت سے ادا کیا کہ ان کے نقاد بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ یہ کردار فہد کی فنی زندگی کے سفر کا اہم ترین سنگ میل ثابت ہوا۔

فہد کا ایک اور ڈرامہ جس کے چرچے گھر گھر ہوئے ”میرا سائیں2“ تھا جس میں انہوں نے ایک بگڑ ے ہوئے رئیس زادے کا کردارنبھایا تھا۔

عدیل حسین
عدیل حسین پاکستان کے جان ابراہم کہلاتے ہیں۔ عدیل کو زیادہ تر لوگ ان کے اصل نا م سے کم اور "متاع جاں ہے تو" میں اداکئے گئے ان کے کردار’ ’عباد' کے نام سے زیادہ جانتے ہیں۔ عدیل نے عباد کا کردار ادا کرنے پر بے شمار تعریفیں سمیٹی تھیں جبکہ ”ہم سفر “ میں بھی انہیں ہر خاص و عام نے سراہا۔

فیضان خواجہ
فیضان خواجہ بالی وڈ کی کچھ فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں لیکن یہ فلمیں کامیابی حاصل نہ کر پائیں مگرڈرامہ ”اک نئی سینڈریلا“ ان کی پہچان کا سبب ہے۔

سائرہ یوسف
وی جے اور ماڈل سائرہ یوسف نے ایکٹنگ کی دنیا میں قدم رکھا ڈرامہ سیریل ’میرا نصیب ‘ سے۔ کم عمر خوبصورت لڑکی نازیہ کے روپ میں جو اپنے خاندان کے لئے اپنی محبت کی قربانی دے دیتی ہے۔ سائرہ نے اپنی پرفارمنس سے سب ہی کے دل موہ لئے۔ سائرہ ”تنہائیاں ۔۔ایک نئے سلسلے“ میں بھی شوخ و چلبلا کردار فطری بے ساختگی کے ساتھ نبھا رہی ہیں جبکہ ایک اور ٹی وی شو ’کوک کہانی‘ میں بھی سائرہ کے فینز انہیں ایک بالکل مختلف کردار میں دیکھ رہے ہیں۔

شہریار منور صدیقی
بہت کم وقت میں اپنی پہچان بنانے والے شہریارمنور صدیقی ایکٹر بھی ہیں اور ماڈل بھی۔ انہوں نے” میر ے درد کو جو زباں ملے“ میں گونگے بہرے کا کردار اس قدر ڈوب کر کیا کہ حقیقت میں بھی اکثر لوگ انہیں گونگا اوربہرا سمجھنے لگے تھے۔ شہریار ٹی وی اسکرین کے نئے رومینٹک ہیرو کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ وہ ”تنہائیاں ۔۔نئے سلسلے“ میں علیشباہ یوسف کے ساتھ رومنس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ثروت گیلانی
بھولی بھالی شکل و صورت کی مالک ثروت گیلانی کی ایکٹنگ سے ایک خاص قسم کا تاثر ابھرتا ہے۔ ”میر ی ذات ذرہ بے نشاں“، ”صاعقہ“ اور ”آذر کی آئے گی بارات“ ثروت کے نمایاں ڈرامے ہیں۔ ثروت اور عدیل حسین کی جوڑی ناظرین کی پسندیدہ جوڑی کہلاتی ہے۔

صنم بلوچ
یہ بھی ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک ہٹ نام ہے۔ ”نور پور کی رانی“، ”دام“، ”منچلے“ اور”داستان“ جیسے مشہور ڈرامے صنم کے کریڈٹ پر موجود ہیں۔ ان کی حقیقی کردار نگاری لوگوں کو اپنے ساتھ باندھ لیتی ہے اور یہی صنم کی کامیابی اور شہر ت کا راز ہے۔
XS
SM
MD
LG