رسائی کے لنکس

فیس بک پر 'آن دس ڈے' کی ناپسندیدہ یادوں کو فلٹر کرنا ممکن


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بدھ کے روز فیس بک نے اس صفحے پر ترجیحات کے بٹن کا اضافہ کر دیا ہے، جو آپ کو اختیار دیتا ہے کہ آپ کونسی یادوں کو رکھنا چاہتے ہیں اور کونسی یادیں فراموش کرنا چاہتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے مارچ میں ایک نیا فیچر 'آن دس ڈے پیج' یا اس دن پر خصوصی صفحہ متعارف کرایا تھا۔ جو اپنے صارفین کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ ماضی میں وہ اس مخصوص دن پر کیا کر رہے تھے۔

اگرچہ فیس بک پر آن دس ڈے ایک اچھی خصوصیت ہے، جو اس روز کے حوالے سے فیس بک پر موجود آپ کے ماضی کی نیوز فیڈ، تصاویر، اقوال اور دوستوں کے تبصروں کو ایک بار پھر سے آپ کے سامنے پیش کرتا ہے، جنھیں شاید آپ بھول چکے ہوتے ہیں۔

تاہم یہ صفحہ ماضی سے آپ کی ان تکلیف دہ یادوں کو بھی دوبارہ تازہ کر دیتا ہے، جنھیں شاید آپ بھول جانا چاہتے ہیں۔

فیس بک نے جب سے آن دس ڈے صفحہ متعارف کرایا ہے، اس خصوصیت کو ماضی کی دکھی کرنے والی یادیں دکھانے پر صارفین کی طرف سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔

تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ اب آپ اس صفحے پر آپ اپنی خراب یادوں کو اچھی یادوں میں سے نکال سکتے ہیں، تاکہ دوبارہ کبھی آپ کا ماضی کی ان تلخ یادوں کے ساتھ سامنا نا ہو سکے۔

بدھ کے روز فیس بک نے اس صفحے پر ترجیحات کے بٹن کا اضافہ کر دیا ہے، جو آپ کو اختیار دیتا ہے کہ آپ کونسی یادوں کو رکھنا چاہتے ہیں اور کونسی یادیں فراموش کرنا چاہتے ہیں۔

آن دس ڈے کے صفحے پر اطلاعات کے ساتھ ترجیحات کا بٹن موجود ہے، جس پر کلک کر کے آپ اپنی یادوں کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ یہ بٹن آپ کو اس قابل بناتا ہے کہ آپ کچھ مخصوض تاریخوں اور ناموں کو فیس بک کی یادوں میں سے فلٹر یا علیحدہ کر سکیں۔۔

فیس بک کی یہ خصوصیت اس وقت زیادہ اچھی معلوم ہوتی ہے جب کبھی کبھار یہ ڈیجیٹل یادیں اچانک آپ کے نیوز فیڈ پر نمودار ہو جاتی ہیں۔

تاہم آپ کی یادیں صرف آپ ہی دیکھ سکتے ہیں، حتیٰ کہ آپ خود اپنے دوستوں کے ساتھ اس کے اشتراک کا فیصلہ کریں اس کے علاوہ، اس صفحے پر آپ کے پاس پرانے پوسٹ اور تصاویر کو خارج کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

فیس بک کے ترجمان نے ’اے بی سی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ لوگ فیس بک پر اپنے بامعنی لمحات کا اشتراک کرتے ہیں، جن میں اچھے وقت مثلا سالگرہ کے پوسٹ یا پھر مصیبت کی گھڑی میں دوستوں اور رشتہ داروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے پوسٹ کا اشتراک کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر انسان کی مختلف نوعیت کی یادیں فیس بک پر موجود ہیں، جو اچھی ہیں یا بری ہیں یا پھر ملی جلی ہیں لہذا لاکھوں صارفین جو آن دس ڈے کا استعمال کرتے ہیں، ہم نے ان کے لیے اس صفحے پر فلٹر نصب کر دیا ہے، جس سے ان کے پاس اپنی یادوں کو کنٹرول کرنے کا اختیار ہو گا کہ وہ ماضی سے کیا دیکھنا چاہتے ہیں اور کیا نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

آن دس ڈے کا صفحہ ماضی میں اس تاریخ سے پرانا مواد ظاہر کرتا ہے، یہاں صارفین اپنے ہر دن کی یادوں اور تصاویر کو دیکھتے ہیں مثال کے طور پر آپ نے اس روز کیا اپ ڈیٹس یا تصاویر پوسٹ کی تھیں۔

یہ صفحہ ماضی میں اس روز کی یاد کے حوالے سے آپ کے سامنے ایک سال، دو سال یا چار سال اور کئی سالوں کی یادیں فلم کی طرح پیش کر دیتا ہے۔

اس صفحے کو فیس بک ڈاٹ کام سلیش آن دس ڈے یا پھر فیس بک پر سرچ کے زمرے میں آن دس ڈے لکھ کر تلاش کیا جا سکتا ہے تاہم اطلاعات کا بٹن منتخب کر کے اس صفحے کو مکمل طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG