رسائی کے لنکس

سینیٹ انتخابات، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا اعلان


پی پی پی نے تین صوبوں یعنی سندھ، پنجاب اور خیبرپخنونخواہ سے سینیٹ کے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ سندھ سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات ہوں گے

کراچی۔۔پیپلزپارٹی نے کئی دن کی مشاورت کے بعد بلاخر سینیٹ انتخابات کے لئے سندھ، خیبر پختونخواہ اور پنجاب سے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

پیر کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ان ناموں کا باقاعدہ اعلان کیا۔ ان میں سابق وزیر قانون فاروق ایچ نائیک، سسئی پلیجو، رحمنٰ ملک، سلیم مانڈوی والا، اسلام الدین شیخ، انجینئر گیان چند اور عبدالطیف انصاری شامل ہیں۔

فاروق ایچ نائیک ٹیکنوکریٹ جبکہ سسئی پلیجو خواتین کی مخصوص نشست پر پی پی پی کی امیدوار ہوں گی۔

پنجاب سے اعتزاز احسن، ندیم افضل چَن، اور نرگس فیض ملک جبکہ خیبرپختونخوا سے نورعالم خان اور خانزادہ خان کو سینیٹ کا انتخاب لڑنے کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں، تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لئے سندھ کی دوسری بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔ ان جماعتوں میں مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، جے یو آئی( ف) اورمسلم لیگ فنکشنل شامل ہیں۔

سندھ سے سینیٹ کی گیارہ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ فارمولے کے مطابق سندھ کے 24 ارکان صوبائی اسمبلی سینیٹ کی ایک نشست کے برابر تصور ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG