رسائی کے لنکس

حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان رابطے


فائل
فائل

حکومت اور حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والی ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان یہ رابطے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب بعض اطلاعات کے مطابق ملک میں عام انتخابات کا ابتدائی روڈ میپ تیار کرلیا گیاہے۔

حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے درمیان عیدالاضحی کے موقع پر اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے ہیں۔

وزیرِاعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے عید کی مبارک باد دینے کی غرض سے مسلم لیگ (ن) کے قائدین سے رابطوں کے ایک روز بعد ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے وزیرِاعظم کو ٹیلی فون کیا ہے۔

ایوانِ وزیرِاعظم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ کے مطابق میاں نواز شریف نے منگل کو وزیرِاعظم کو ٹیلی فون کیا اور انہیں حج کی مبارک باد دی۔ بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد بھی دی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل وزیرِاعظم راجہ پرویز اشرف نے دیگر سیاسی رہنمائوں کے علاوہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور ن لیگ کے رہنما چوہدری نثار کو ٹیلی فون پر عید کی مبارک باد دی تھی۔

گو کہ سرکاری اعلامیہ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا خیر سگالی پیغامات کے علاوہ بھی ان رہنمائوں کے درمیان کوئی گفتگو ہوئی یا نہیں، تاہم قومی پریس نے ان رابطوں کو ان کی ٹائمنگ کے باعث اہم قرار دیا ہے۔

حکومت اور حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والی ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان یہ رابطے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب بعض اطلاعات کے مطابق ملک میں عام انتخابات کا ابتدائی روڈ میپ تیار کرلیا گیاہے۔

منگل کو مقامی اخبارات میں شائع ہونےو الی خبروں کے مطابق مقتدر حلقے عام انتخابات مارچ یا اپریل 2013ء میں کرانے کی تجویز پر غور کر رہےہیں جس سے قبل جنوری میں قومی اسمبلی تحلیل اور نگراں حکومت قائم کی جاسکتی ہے۔

بعض اطلاعات کے مطابق حکمران جماعت پی پی پی کی قیادت جلد اتحادیوں سے مشاورت کے بعد اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کرلے گی۔

اس سے قبل پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان نگراں حکومت کی تشکیل کے بارے میں مشاورت کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان نگراں حکومت پر موجود اختلافات حل کے قریب ہیں لیکن اس بارے میں دونوں جماعتوں کے رہنما فی الوقت 'آن ریکارڈ' کچھ کہنے پر تیار نہیں۔
XS
SM
MD
LG