رسائی کے لنکس

پرناب مکھرجی سہ روز دورے پر امریکہ روانہ


پرناب مکھرجی سہ روز دورے پر امریکہ روانہ
پرناب مکھرجی سہ روز دورے پر امریکہ روانہ

بھارت کے وزیرِ مالیات پرناب مکھرجی پیر کے روز امریکہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوگئے جہاں وہ بھارت اور امریکہ کے مابین اقتصادی رشتوں کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے وسیع تر مذاکرات کریں گے۔

اِس موقعے پر وہ اپنے امریکی ہم منصب اور امریکہ کی بڑی کمپنیوں کے سربراہوں سے تبادلہٴ خیال کریں گے۔ بات چیت کے دوران اقتصادی شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا جائے گا۔

حکومت کے ذرائع کے مطابق پرناب مکھرجی بھارت کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے کو شش کریں گے۔

گذشتہ ہفتے حکومت نے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں رہنما ہدایات کا اعلان کیا ہے۔ اِس اعلان کی روشنی میں اِس شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی توقع بڑھ گئی ہے۔

وزیرِ مالیات، بھارت اور امریکہ کے مابین اقتصادی اشتراک کو تیز کرنے کے موضوع پر منعقد ہونے والے اجلاس میں کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔

اِس اجلاس کا اہتمام امریکہ کے بروکنگز انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے بھارتی صنعتوں کا ادارہ، سی آئی آئی کر رہا ہے۔دونوں ممالک گروپ 20میں نیا توازن قائم کرنے جیسے دیگر امور پر بھی تبادلہٴ خیال کریں گے۔

پرناب مکھرجی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی روانہ ہوا ہے جس میں رِزرو بینک آف انڈیا کے گورنر، سی بی آر کے چیرمین، وزارت مالیات کے سکریٹری اور متعدد تجارتی سربراہان شامل ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG