رسائی کے لنکس

امریکی صدر جیفرسن- ایک مثالی باغبان


تھامس جیفرسن کے مونٹی سیلو والے گھر میں سبزہوں کا باغ
تھامس جیفرسن کے مونٹی سیلو والے گھر میں سبزہوں کا باغ

امریکہ کے تیسرے صدر تھامس جیفرسن بہت سی متنوع صفات کے مالک تھے۔ انہیں جہاں ایک جانب امریکہ کا "اعلانِ آزادی" تصنیف کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، وہیں وہ ایک بہترین ماہرِ فنِ تعمیرات، سائنسدان، لینڈ اسکیپ ڈیزائنر، کسان اور باغبان بھی تھے۔

جیفرسن کو ایامِ جوانی میں اپنے خاندان کی طرف سے ورجینینا کے علاقے میں واقع مونٹی سیلو نامی پہاڑ کے دامن میں 2000 ہیکٹر پہ کاشت شدہ زمین ترکے میں ملی تھی۔ بعد میں انہوں نے اسی زمین پر قدیم و جدید طرزِ تعمیر کے امتزاج کا حامل ایک خوبصورت گھر تعمیر کرایا، اناج کاشت کیے اور پھلوں اور پھولوں کے باغات لگائے۔

صدر جیفرسن کا باغ

صدیوں پہلے صدر جیفرسن کے ملازمین نے ان کے گھر کے ٹیرس کے ساتھ ساتھ ایک 300 میٹر طویل باغ تیار کیا تھا، جس میں وہ بڑے شوق سے سبزیوں کی کاشت کیا کرتے تھے۔ آج اسی باغ میں پیٹر ہیچ اپنے روزمرہ کے معمولات انجام دیتے ہیں۔

پیٹر ہیچ مونٹی سیلو کے باغات اور زرعی زمینوں کے ڈائریکٹر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 24 قطعات پہ مشتمل 300 میٹر طویل یہ باغ صدر جیفرسن کے منصوبے کے عین مطابق تیار کیا گیا تھا جہاں مختلف سبزیاں اگائی جاتی تھیں۔

ہیچ کہتے ہیں "یہ باغ درحقیقت تھامس جیفرسن کی لیبارٹری تھا جہاں وہ دنیا جہاں سے آنے والے انواع واقسام کے پودوں کی کاشت کیا کرتے تھے۔ صدر جیفرسن کی ذاتی دستاویزات کے مطابق انہوں نے اس باغ میں مختلف اوقات میں 330 اقسام کی سبزیوں اور 170 اقسام کے پھلوں کی کاشت کی تھی"۔

تھامس جیفرسن کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ صدر منتخب ہونے سے پہلے بطورِ سیکریٹری آف اسٹیٹ مختلف ممالک اور امریکی ریاستوں کے دوروں کے دوران مقامی افراد سے زرعی بیجوں کا تبادلہ کیا کرتے تھے۔

ہیچ کہتے ہیں کہ جیفرسن کے ورجینیا والے گھر کے باغ میں موجود کئی پودے انہیں بیجوں کی پیداوار ہیں۔ ان کے مطابق جیفرسن نے اپنی یادداشتوں میں ایک جگہ لکھا ہے کہ "یہ کسی بھی ملک کیلیے ایک اعلیٰ ترین خدمت ہوگی اگر آپ اس کے ماحول میں ایک فائدے مند پودہ متعارف کرادیں۔"

ہیچ کے مطابق صدر جیفرسن کے باغ میں موجود انواع و اقسام کی سبزیوں اور پھل سے ایک شاہانہ معیار کا دسترخوان ترتیب پا سکتا ہے، جس میں ایک طرف تو ٹماٹر اور آلو جیسی عام سبزیاں موجود ہیں وہیں دوسری طرف امریکن انڈینز کے مخصوص لیما بینز اور یورپ، وسطی اور جنوبی امریکہ میں اگائی جانے والی کئی مخصوص فصلیں بھی شامل ہیں۔

تجربات کی تصنیف

صدر جفیرسن کو یقین تھا کہ سائنسی طریقوں کو استعمال میں لاتے ہوئے دنیا کے انتظام و انصرام سے انسانی ترقی اور خوشحالی کا عمل تیز کیا جاسکتا ہے۔

اسی مقصد کے تحت انہوں نے اپنی ایک ڈائری کو "گارڈن بک" کا نام دے ڈالا اور اس میں سن 1766 سے 1824 کے درمیان پیش آنے والے اپنے تمام زرعی تجربات بڑی تفصیل سے رقم کیے۔ ہیچ کہتے ہیں کہ اکثر باغبانوں کے برعکس جیفرسن اپنی یاداشتوں میں اپنی زرعی ناکامیوں کا کھلے دل سے اعتراف کرتے ہیں۔

"سن 1809 میں لکھے جانے والے ایک صفحے پہ انہوں نے ناکامی کا لفظ 19 بار لکھا ہے۔ درحقیقت باغبانی کے متعلق جیفرسن کی سوچ بڑی حد تک موجودہ دور سے ہم آہنگ تھی۔ درحقیقت وہ یہ سمجھتے تھے کہ کسی بھی ایک سمت میں ہونے والی ناکامی کو کسی دوسری سمت میں ملنے والی کامیابی سے دور کیا جاسکتا ہے"۔

تیس سال قبل جب ہیچ مونٹی سیلو آئے تھے تو جیفرسن کے ٹیرس گارڈن کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ پارکنگ ایریا کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ جبکہ آج باغ کی کم و بیش وہی صورت بحال کردی گئی ہے جو جیفرسن کے دور میں تھی۔

ہیچ کی نگرانی میں باغ کی بحالی کا کیا جانے والا تمام کام تاریخی و دستاویزی آثار کو پیشِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ ہیچ کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح جیفرسن کے دور میں لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت یقینی بنانا تھا۔ جبکہ ان کے مطابق انہیں درپیش سب سے بڑا چیلنج باغ میں نت نئی اقسام کے پودوں کی کاشت کرکے اسے مزید متنوع اور خوبصورت بنانا تھا۔

قابلِ تقلید مثال

ڈینیور، کولاراڈو سے تعلق رکھنے والے کرس سامرز اور ڈگ کورلے مونٹی کارلو کے دامن میں واقع اس باغ کی خوبصورتی، حسنِ انتظام اور اس کی تاریخ سے خاصے متاثر نظر آتے ہیں۔

سامرز کہتے ہیں "میں صدر جیفرسن کو یہاں ان کیاریوں میں گھومتے پھرتے دیکھ سکتا ہوں"۔ جبکہ کورلے کا کہنا ہے کہ یہ باغ باغبانی کا شوق رکھنے والے ان جیسے لوگوں کیلیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ ان کے مطابق انہیں ایسا لگتا ہے کہ باغبانی کے معاملے میں صدر جیفرسن اس مقام سے کہیں آگے تھے جہاں موجودہ دور کے لوگ پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

کرس سامرز اپنے دوست کے خیالات کی تائید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر جیفرسن کا یہ باغ آج کے دور کے باغبانوں کیلیے ایک مثال ہے جس سے وہ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG