رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی طرف سے 17 امریکیوں کے لیے 'میڈل آف فریڈم ' کا اعلان


صدارتی میڈل آف فریڈم
صدارتی میڈل آف فریڈم

صدر اوباما نے پیر کو کہا کہ وہ یہ تمغے ان شخصیات کو وائٹ ہاؤس میں 24 نومبر کو پیش کریں گے جنہوں نے "بطور امریکی شہری ہماری مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔"

امریکی صدر براک اوباما نے ملک کا سب سے اعلیٰ سویلین اعزاز 'میڈل آف فریڈم' یعنی آزادی کا تمغہ 17 شخصیات کو دینے کا اعلان کیا جن میں سیاست دان، بیس بال کے معروف کھلاڑی اور فلمی ستارے شامل ہیں۔

صدر اوباما نے پیر کو کہا کہ وہ یہ تمغے ان شخصیات کو وائٹ ہاؤس میں 24 نومبر کو پیش کریں گے جنہوں نے "بطور امریکی شہری ہماری مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔"

یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں بیس بال کے کھلاڑی ولی میز اور آنجہانی یوگی بیرا کے علاوہ فلمی صنعت کی جن شخصیات کو یہ اعزاز دیا گیا ہے ان میں فلم ہدایت کار اسٹیون سپیلبرگ، موسیقار اتضحاک پرلمین اور تھیٹر کی موسیقی ترتیب دینے والے اسٹیفن سودندہیم بھی شامل ہیں۔

اعزاز پانے والوں میں کئی گلوکار بھی شامل ہیں جن میں باربرا اسٹریسنڈ، جمیز ٹیلر، اور گلوریا اور ایمیلیو اسٹیفن کے نام شامل ہیں۔

سیاست کے شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی باربرا مکلسکی، قدرتی ماحول کے تحفظ کے ادارے کے سابق سربراہ ولیم رکلشاس، انڈیانا کے سابق کانگرس مین لی ہمیلٹن اور کانگرس کی پہلی افریقی امریکن خاتون رکن شرلی چشولم کے نام بھی شامل ہیں۔

دوسری شخصیات جن کو اس اعزاز سے نواز جائے گا ان میں سینئر وکیل بونی کیرول، ناسا کی ریاضی دان کیھترین جانسن اور انڈین قبائل کے وکیل بلی فرینک اور شہری حقوق کے رہنما منرو یاسوئی شامل ہیں۔ فرینک، یاسوئی، بیرا اور چشولم کو یہ ایوارڈ بعد از وفات دیا جا رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے پیر کو کہا کہ "یہ ایوارڈ ان شخصیات کو دیے جا رہے ہیں جنہوں نے عالمی امن اور امریکہ کی سلامتی اور قومی مفاد کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ ثقافتی یا عوامی یا نجی کوششوں میں سرگرم رہے ہیں۔"

صدر اوباما نے کہا کہ "مجھے اپنے ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز کو ان 17 ممتاز امریکی شہریوں کو پیش کر کے خوشی ہو گی جن میں عوامی خدمات انجام دینے والے افراد جنہوں نے ہمیں درپیش موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد دی اور فن کار جنہوں نے لاکھوں چاہنے والوں کو متاثر کیا ہے شامل ہیں۔ یہ خواتین و حضرات ہماری زندگی میں بہتری لائے اور امریکی ہونے کے ناطے ہماری مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے میں ہماری مدد کی ہے۔"

XS
SM
MD
LG