رسائی کے لنکس

پریانکا چوپڑا کی خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری


پریانکا چوپڑا کی خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری

پریانکا چوپڑا کی خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری

پریانکا چوپڑا پچھلے کئی ماہ سے مسائل میں گھری ہوئی ہیں۔ پہلے انہیں صحت کی خرابی کے باعث کام چھوڑنا پڑا۔ پھر فلم ’اگنی پتھ‘ کے سیٹ پر شوٹنگ کے دوران ان کے کپڑوں میں آگ لگ گئی، تاہم وہ کسی نہ کسی طرح سے خود کو بچانے میں کامیاب ہوگئیں۔ اس حادثے میں فلم کے ہیرو رہتک بھی معمولی زخمی ہوئے، جس کے سبب ایک مرتبہ پھر پریانکا کو کام روکنا پڑا۔ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران یہ دوسرا حادثہ تھا۔

ان واقعات سے پریانکا چوپڑا ذہنی طور پر بھی خاصی ڈسٹرب ہوگئیں اور معاملات بہتر بنانے کی خاطر انہوں نے عبادت کرنے اور درگاہوں پر جاکر دعا کرنے کا فیصلہ کیا۔ سب سے پہلے پریانکا اجمیر پہنچیں جہاں انہوں نے روحانی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری دی، مزار پر چادر اور پھول چڑھائے۔

انہوں نے کچھ دیر تنہائی میں خاموش رہ کر اپنے لئے دعا بھی کی۔ پریانکا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی آنے والی دونوں فلموں ’ڈولی ٹو‘ اور ’اگنی پتھ‘ کی کامیابی کے لئے تہہ دل سے دعاکی اور منت مانی۔

مزار پر حاضری کے بعد انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ خود کو انتہائی خوش قسمت سمجھتی ہیں جنہیں خواجہ کی درگاہ پر حاضری کا موقع ملا اور وہ اس کے لئے خواجہ غریب نواز اور اپنے دوستوں کی شکر گزار ہیں۔انہوں نے اپنی مذکورہ بالا تصویر بھی ویب سائٹ پر پوسٹ کی ہے۔

حضرت خواجہ معین الدین چشتی روحانی شخصیت کے طور پر مشہور ہیں اور مسلمان ہی نہیں ہندو، سکھ اور عیسائی مذہب کے پیرو کار بھی ان کی درگاہ پر حاضری دیتے ہیں۔

بھارت میں ہر مذہب کے ماننے والے ان کے مزار پر مرادیں اور منتیں مانتے ہیں۔ ان میں بھارتی فلم انڈسٹری کے بے شمار فنکار بھی شامل ہیں۔ کترینا کیف اور شاہ رخ سمیت متعدد فلمی شخصیات نے بھی حال ہی میں اجمیر کا دورہ کیا اور مزار پر حاضری دی تھی۔

XS
SM
MD
LG