رسائی کے لنکس

پریانکا چوپڑا امریکی ٹی وی پر جلوہ گر ہوں گی


اطلاعات یہ ہیں کہ پریانکا نے امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک 'اے بی سی' کے ساتھ کام کرنے کا معاہدہ دستخط کیا ہے۔۔ بقول پریانکا ’مجھے اے بی سی نیٹ ورک پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا ہے۔ یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے‘

بھارتی فلم انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ اور گلوکارہ پریانکا چوپڑا بالی وڈ اور انٹرنشنل میوزک انڈسٹری میں نام کمانے کے بعد، اب جلد ہی امریکی ٹیلی وژن پر جلوہ گر ہونےکی تیاریاں کر رہی ہیں۔

اطلاعات یہ ہیں کہ پریانکا نے امریکی ٹیلی وژن نیٹ ورک 'اے بی سی' کے ساتھ کام کرنے کا معاہدہ دستخط کیا ہے۔

'ہالی وڈ رپورٹر' کی خبر کے مطابق، رواں برس فلم 'میری کوم' کے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنےوالی اداکارہ نے، ٹی وی نیٹ ورک اے بی سی کے ساتھ ایک سال کا خصوصی کنٹریکٹ سائن کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، نیٹ ورک کے تنوع کاسٹنگ پروگرام کے ایک سالہ معاہدے کے تحت، پریانکا کو یا تو موجودہ ٹی وی شوز میں شامل کیا جائے گا یا پھر پریانکا کے لیے ایک نیا شو تیار کیا جاسکتا ہے۔

پریانکا چوپڑا امریکہ میں اپنے پہلے میوزک البم ’اِن مائی سٹی‘ کے تین گیتوں کی ریلیز سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، جبکہ انھیں پچھلے سال والٹ ڈزنی ٹون کی انیمیٹڈ اسپورٹس کامیڈی فلم پلینس (جہاز ) کے بھارتی کردار کے لیے، اپنی آواز کا جادو جگانے کا موقع بھی ملا ہے۔ لیکن، اس بار، امریکی ٹی وی نے پریانکا کو ہالی وڈ میں اگلے مقام تک لے جانے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔

بالی وڈ کی 45 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی 32 سالہ پریانکا چوپڑا کا ہالی وڈ کا سفر گذشتہ برس ان کے پہلے گیت 'ان مائی سٹی' کی ریلیز کے ساتھ شروع ہوا، جبکہ ان کے اس گانے کو این ایف ایل فٹ بال میچ 2013 میں تھیم سونگ کے طور پراستعمال کیا گیا۔ ان کے دیگر دو گیتوں نے بھی امریکہ میں ریلیز کے بعد شہرت حاصل کی۔ انھیں اسی سال ڈیزائنر برانڈ 'گیس' کی تازہ ترین مہم کے لیے عالمی چہرے کے طور پر لانچ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’اے بی سی نیٹ ورک‘ کی ایگزیکٹیو کیلی لی پریانکا چوپڑا کے ساتھ معاہدے کی تفصیلات طے کرنے کے لیےخود ممبئی گئی تھیں۔

17 سال کی عمر میں 'مس ورلڈ' حسینہ کا خطاب جیتنے والی پریانکا چوپڑا نے ذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ،'میں بہت عرصے سے اے بی سی کے ٹی وی شوز کی پرستار رہی ہوں کہ کس طرح، نیٹ ورک نے اپنے مرکزی کرداروں کے تنوع کے ذریعے، ٹی وی کا سیاسی منظرنامہ تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ مجھے اے بی سی نیٹ ورک پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا گیا ہے۔ یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ میں اس کوشش کا حصہ بننے کے لیے بہت پر جوش ہوں۔'

XS
SM
MD
LG