رسائی کے لنکس

پرینکا چوپڑا اب چھوٹی سکرین پر


پرینکا چوپڑا اب چھوٹی سکرین پر
پرینکا چوپڑا اب چھوٹی سکرین پر

’فیشن‘ اور’ کمینے‘ جیسی ہٹ فلموں میں اپنی زبردست اداکاری سے عوام اور فلم ناقدین داد بٹورنے والی پرینکا چوپڑا اب چھوٹے پردے پر جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

کلرز چینل کے ’فیئر فیکٹر، خطروں کے کھلاڑی’ ریئلیٹی شو کے سیزن تھری میں اکشے کمار کی بجائے حال ہی میں قومی فلم ایوارڈ حاصل کرنے والی پرینکا میزبانی کے فرائض انجام دیں گی۔

اردو وی او اے ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے فلم نقاد اور صحافی دیپا گہلوٹ نے کہا کہ ماضی میں ’ڈان‘ اور ’درونا‘ فلموں میں ایکشن سین کرنے کے بعد پرینکا کو خطروں سے بھرے ایکشن سین کرنے کا تجربہ ہے۔ اور ہم یہ نظر انداز نہیں کرسکتے کہ پرینکا ایک بہت بڑی سٹار ہے اور ٹی وی شو میں اُس کی شمولیت سے چینل کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہو گا۔
ملک گیر سطح پر آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی مقبولیت کے پیشِ نظر ’خطروں کے کھلاڑی‘ ریئلیٹی شو کے سیزن تھری میں 13 حسیناؤں کی بجائے اِس بار 13 کرکٹ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ کلرز چینل کے منتظمین پر امید ہیں کہ بطور میزبان پرینکا کی موجودگی اس ریئلیٹی شو کو مزید دل چسپ بنائے گی۔

اِس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بھارتی عوام میں کرکٹ اور بالی وڈ ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جنون کی حد تک دیوانگی ہوتی ہے۔ اور کلرز نے اپنے شو میں گلیمر کے رنگ بھرنے کے لیے پرینکا کو سائن کیا ہے۔

پرینکا اپنے پہلے ریئلیٹی شو کی عکس بندی جولائی میں برازیل میں شروع کریں گی۔ 16 قسطوں پر مشتمل اس ریئلیٹی شو میں کئی بھارتی اور بین الاقوامی کرکٹ کھلاڑیوں کے حصہ لینے کی امید ہے جن میں یوراج سنگھ، گوتم گمبھیر، بریٹ لی، شین وارن، ایڈم گلکرسٹ اور ہربھجن سنگھ بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ’فیئر فیکٹر، خطروں کے کھلاڑی’ کی ہر ایک قسط کے لیے پرینکا کو بطور فیس 60 لاکھ روپیے دیے جائیں گے۔ پرینکا پہلی بالی وڈ ہیروئن ہیں جنہیں شو کی ایک قسط کے لیے اتنا بھاری معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ اِس سے قبل ریئلیٹی شو بگ برادر کی میزبانی کے لیے شیلپا شیٹھی کو فی قسط 30 لاکھ روپیے بطور فیس دیے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG