رسائی کے لنکس

یمن: حکومت نواز فورسز کا جنوبی صوبے پر قبضہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والی فورسز کو حال ہی میں بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں جس میں سب سے بڑی بندرگاہ عدن کا قبضہ واپس لینا بھی شامل ہے۔

یمن کی جلاوطن حکومت کی حمایت کرنے والے جنگجوؤں نے جنوبی صوبے شباوا کا قبضہ حوثی باغیوں سے چھین لیا ہے۔

یمنی فوج کے عہدیداروں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت اتاق کا قبضہ چھوڑنے کے بعد باغی شہر سے نکل گئے ہیں۔ ابھی تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق جانی نقصان کے بارے میں کوئی تفصیل بیان نہیں کی گئی ہے۔

سعودی عرب اس عرب اتحاد کی قیادت کر رہا ہے جو حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کی طرف سے حکومت نواز جنگجوؤں کی مدد کے لیے بڑی تعداد میں بھاری ہتھیار جنوبی یمن میں بھیجے جا رہے ہیں۔

حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے والی فورسز کو حال ہی میں بڑے پیمانے پر کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں جس میں سب سے بڑی بندرگاہ عدن کا قبضہ واپس لینا بھی شامل ہے جو یمن میں اشد ضروری امداد کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

تاہم دارالحکومت صنعاء اب بھی حوثیوں کے قبضے میں ہے اور اس کے ساتھ ملک کا شمال بھی ان کے مسلح جنگجوؤں کے زیر تسلط ہے۔

سعودی قیادت میں اتحاد کی طرف سے ہونے والی فضائی کارروائی اور زمینی لڑائی میں اب تک 4,000 افراد ہلاک ہوئے جس کی وجہ سے یمن میں انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ملک کی 80 فیصد آبادی کو خوراک اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

XS
SM
MD
LG