رسائی کے لنکس

سلمان خان کے خلاف مظاہرے، ’جے ہو‘ کے پوسٹر نذر آتش


بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں پارٹی ورکرز نے احتجاج کرتے ہوئے سلمان خان کے خلاف نعرے بازی کی۔ ان کی جمعہ کو ریلیز ہونے والی نئی فلم ’جے ہو‘ کے پوسٹر نذر آتش کردیئے

بالی ووڈ ایکٹر سلمان خان کی جانب سے بھارتی جنتا پارٹی کے امیدوار نریندر سنگھ مودی کی حمایت، ان سے ملاقات اور اس ملاقات میں دونوں کا گہرے دوستوں کی طرح ایک ساتھ پتنگ اڑانا کانگریس کے یوتھ ونگ ’نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا‘ کو ایک آنکھ نہیں بھایا اس لئے ان کے خلاف مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں پارٹی ورکرز نے احتجاج کرتے ہوئے سلمان خان کے خلاف نعرے بازی کی۔ ان کی جمعہ کو ریلیز ہونے والی نئی فلم ’جے ہو‘ کے پوسٹر نذر آتش کردیئے۔ مظاہرے کی قیادت پارٹی کارکن شاہنواز شیخ نے کیا۔

مظاہرے کے شرکاٴ نے الزام لگایا کہ وزارت عظمیٰ کے لئے بھارتی جنتا پارٹی کے امیدوار اور ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی گودھرا فسادات کے ذمے دار ہیں جن میں، کارکنوں کے بقول، بے گناہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ شرکاٴ نے سلمان، مودی ملاقات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

اس سے قبل، 15جنوری کو ریاست بہار کی ایک اور سیاسی جماعت ’لوک جن شکتی پارٹی‘ کے رہنما رام ولاس پاسوان نے بھی سلمان۔مودی ملاقات پر نہایت سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔ نجی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں ایک مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے پاسوان کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے قوم سے غداری کی ہے۔

مظاہرے کے دوران سلمان خان کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا، جبکہ ان کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی۔

ان مظاہروں کے جواب میں سلمان خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فلم ’جے ہو‘ کی پروموشن کی غرض سے ریاست گجرات کا دورہ کیا تھا، اس دورے کی کوئی سیاسی وجوہات نہیں تھیں۔
XS
SM
MD
LG