رسائی کے لنکس

پی ایس ایل سیزن ٹو کی لاہور میں شاندار اختتامی تقریب


تقریب میں 30 ہزار شائقین موجود تھے جو خوب لطف اندوز ہوئے، جبکہ ٹی وی کے ذریعے بھی انگنت کرکٹ شائقین نے مزہ لوٹا

سپر لیگ سیزن ٹو کا اختتام آگیا۔ اس حوالے سے اتوار کی شام لاہور میں ایک دلچسپ تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف فنکاروں، پیرا ٹوپرز اور دیگر نے اپنی اپنی مہارت اور فن کا مظاہرہ کیا۔

تقریب فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے میچ سے کچھ دیر پہلے منعقد ہوئی۔ تقریب کی میزبانی عائشہ عمر اور احمد بٹ نے کی۔

آغاز ہوا پیرا ٹروپرز کے فضا سے اسٹیڈیم کی سرزمین پر اترنے سے، جنہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے پرچم ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے تھے۔ ان ٹروپرز کا تعلق پاکستان کی فوج سے تھا۔

اس دوران تقریب میں دہشت گردی کا نشانہ بن جانے والے فوجی جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

محفل نغمہ سرائی میں کارکردگی دکھانے والوں میں گلوکار علی ظفر سرفہرست رہے، جنہوں نے پی ایس ایل کا ترانہ پیش کرکے عوام کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ ان کے بعد ایک اور سنگر فاخر نے اپنا مشہور زمانہ ملی نغمہ ’تیرے بنا دل نا لگے‘ پیش کیا۔

اسی طرح علی عظمت نے بھی اپنی پرفارمنس سے سب کے دل جیت لئے۔ ڈھول بجانے والے فرہاد نے بھی شاندار کارکردگی پیش کی۔

تقربت اس خوب صورت انداز سے ہوئی کہ اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں لوگ نہ صرف خوشی سے جھوم اٹھے بلکہ شرکا نے تالیاں بجا کر خوب داد دی۔

اسٹیڈیم کی اس تقریب 30 ہزار شائقین موجود تھے جو خوب لطف اندوز ہوئے جبکہ ٹی وی کے ذریعے بھی انگنت کرکٹ شائقین نے مزہ لوٹا۔

گرچہ شاہد آفریدی زخمی ہونے کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں تھے، لیکن ان کی پبلک پرفارمنس سب کے لئے انتہائی خوشی کا باعث رہی۔ ان کا شائقین کرکٹ نے بہت گرم جوشی سے خیرمقدم کیا۔

آج کی تقریب کے لئے اسٹیڈیم کو انتہائی دلکش اور خوب صورت انداز میں سجایا گیا تھا، جبکہ سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، حتیٰ کہ فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔

XS
SM
MD
LG