رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں تصادم کے خلاف سندھ میں احتجاج


پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں کا کراچی میں احتجاج

پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں کا کراچی میں احتجاج

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں بشمول حیدرآباد اور سکھر میں بھی تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے 'آزادی مارچ' کے شرکا پر پولیس کی شیلنگ کے بعد کراچی میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے شہر کی مرکزی سڑک شاہراہِ فیصل پر احتجاج کیا۔

شاہراہ پر 'آزادی مارچ' کے ساتھ اظہارِ یکجتہی کے لیے ہفتے کو دھرنا دیا جارہا تھا جو اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات کے بعد احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگیا۔ مشتعل کارکنوں نے ٹائر جلاکر کچھ وقت کے لیے شاہراہ فیصل کو عام ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیا۔

تحریکِ انصاف کراچی کے ساؤتھ زون کے ایک عہدیدار سلطان احمد نے 'وائس آف امریکہ' کو بتایا ہے کہ ان کی جماعت کے مشتعل کارکن شہر کے 8 سے 10 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں جن میں عام شہری بھی شامل ہیں۔

تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے شہر کے جن علاقوں میں احتجاج کیا ان میں ناظم آباد، فائیو اسٹار چورنگی، سائٹ ایریا، گلستان جوہر، کلفٹن، بوٹ بیسن اور دیگر علاقے شامل تھے۔

سلطان احمد نے بتایا کہ ان کے کارکن اتوار کو بھی یوم سوگ منائیں گے اور کراچی کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔

اسلام آباد میں مظاہرین کو وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب جانے سے روکنے اور ان پر شیلنگ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کو شہر میں ہڑتال جب کہ متحدہ قومی موومنٹ نے یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں بشمول حیدرآباد اور سکھر میں بھی تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG