رسائی کے لنکس

پونا بم دھماکے: تحقیقات جاری، فورینسک رپورٹ کا انتظار


‘فی الحال، کوئی پختہ ثبوت موجود نہیں’: پولیس عہدے دار

مہاراشٹر کے پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ نے پیر کو بتایا کہ پونا شہر کی مشہور جرمن بیکری کے سامنے ہونے والے بم دھماکے سلسلے میں تفتیش صحیح خطوط پر جاری ہے، تاہم فورینسک رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ دھماکے کے پیچھے کس تنظیم کا ہاتھ ہے۔

نامہ نگاروں سے بات چیت میں پولیس کے اعلیٰ عہدے دارنے بتایا کہ ‘فی الحال، کوئی پختہ ثبوت موجود نہیں ہیں۔’

اُن کا کہنا تھا کہ دھماکے کی جانچ کے لیے پولیس کی چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اِس مقدمے کی ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ مختلف ذرائع سے ملنے والی خبروں کے مطابق بیکری کے سامنے واقع فائیو اسٹار ہوٹل کے سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھ کر بھی تفتیشی ایجنسیوں کو اہم سراغ ملے ہیں۔

وڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکے سے چند منٹ قبل دو مشتبہ افراد ایک تھیلے سمیت بیکری میں داخل ہوئے تھے۔

حکام کا خیال ہے کہ اُنہی دونوں مشتبہ لوگوں نے ہفتے کے روز بیکری میں دھکامہ خیز مادے سے بھرا بیگ رکھا تھا۔

پونا کے کمشنر کے مطابق اب تک اس مقدمے میں کئی گواہوں کے بیانات درج کیے گئے ہیں۔ تاہم، دھماکے کے پیچھے کس تنظیم کا ہاتھ ہے اُس کی نشاندہی سے انکار کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ہم تمام دہشت گرد تنظیموں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پولیس کو انڈین مجاہدین نامی دہشت گرد تنظیم پر شبہ ہے ، جس نے، پولیس کے بقول، لشکرِ طیبہ کے کہنے پر حملہ کیا ہے۔

فی الحال، پونا سمیت پورے مہاراشٹر کے تمام حساس مقامات پر پولیس کا کڑا پہرا ہے۔ پونا دھماکے میں نو افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG