رسائی کے لنکس

پوتن کی سویت یونین کے بانی لینن پر شدید تنقید


پوتن نے کہا کہ لینن کا نظریہ ایک "جوہری بم" کی طرح تھا جو بالآخر سویت یونین کے خاتمے کا باعث بنا۔

روس کے صدر ولادیمر پوتن نے سوویت یونین کے بانی آنجہانی ولادیمر لینن کے طرز حکومت پر تنقید کرنے کے ساتھساتھ اس وقت کی بالشویک حکومت کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جنوبی شہر سٹاروپال میں کریملن نواز سرگرم کارکنوں سے ایک ملاقات میں پوتن نے سابق روسی زار اس کے خاندان اور ان کے ملازمین کو وحشیانہ طریقے سے پھانسی دینے اور ہزاروں راہبوں اور بورژوازی برادری کے افراد کو قتل کر نے پر لینن اور ان کی حکومت کی مذمت کی۔

پوتن نے کہا کہ لینن کا نظریہ ایک "جوہری بم" کی طرح تھا جو بالآخر سویت یونین کے خاتمے کا باعث بنا۔ انہو ں نے کہا کہ جوزف اسٹالن کے ساتھ تنازعے میں لینن کا موقف غلط تھا جو ایک وحدانی ریاست کے حق میں تھے جبکہ لینن نے ریاستوں کو سویت یونین سے الگ ہونے کا اختیار دیا۔

"یہ (الگ ہونے کا) حق ہماری ریاست میں ایک تاخیر سے پھٹنے والی بارودی سرنگ کی طرح تھا جو بالآخر ہمارے ملک کے ٹوٹنے کا سبب بنا"۔

پیر کو دیے گئے اپنے بیان میں پوتن نے کہا کہ جب وہ (سویت یونین کے خفیہ ادارے) 'کےجی بی' میں کام کرتے تھے تو وہ بڑے خلوص کے ساتھ کمیونسٹ نظریے پر یقین رکھتے تھے۔

"بہت سے عہدیداروں کے برعکس میں نے اپنی رکنیت کے کارڈ کو نہ تو ضائع کیا نہ ہی اسے سب کے سامنے جلایا۔ یہ اب بھی گھر میں میرے پاس موجود ہے"۔

تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ "ہمارے ملک میں ان شاندار نظریات کی عملی شکل ان (نظریات) سے بہت ہی مختلف تھی جس کا دعویٰ مثالی دنیا کے اشتراکیوں نے کیا تھا"۔

XS
SM
MD
LG