رسائی کے لنکس

دنیا کی طاقتور ترین شخصیات میں صدر پوٹن سرفہرست: فوربز


روسی صدر ولادیمر پوٹن
روسی صدر ولادیمر پوٹن

فوربز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کوئی برسراقتدار امریکی صدر اس فہرست میں پہلے یا دوسرے نمبر پر نہیں۔

امریکہ کے کاروباری جریدے ’فوربز‘ نے 2015 کے لیے دنیا کے 73 ’’طاقتور ترین افراد‘‘ کی فہرست جاری کر دی ہے جس میں روسی صدر ولادیمر پوٹن سرفہرست ہیں۔ صدر پوٹن مسلسل تیسری مرتبہ اس فہرست میں سب سے آگے ہیں۔

فہرست میں دوسرے نمبر پر جرمنی کی چانسلر آنگیلا مرخیل ہیں جبکہ صدر براک اوباما اس سال تیسرے نمبر پر ہیں۔ فوربز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کوئی برسراقتدار امریکی صدر اس فہرست میں پہلے یا دوسرے نمبر پر نہیں۔

اس سال بھی پوپ فرانسس نے طاقتور ترین شخصیت کے طور پر اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھی جبکہ چین کے صدر شی جنپنگ پانچویں نمبر پر رہے۔ گزشتہ سال شی جنپنگ تیسرے نمبر پر تھے۔

طاقتور ترین دس افراد میں اگلا نمبر بل گیٹس کا ہے، جس کے بعد امریکہ کے فیڈرل ریزرو کی سربراہ جینیٹ ییلن ہیں۔ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون آٹھویں اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نویں نمبر پر ہے۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں مودی کی پوزیشن میں چھ عدد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ وہ دنیا کے پہلے دس طاقتور ترین افراد میں شامل ہوئے ہیں۔

دسواں نمبر گوگل کے شریک بانی لیری پیج کا ہے جو اس وقت ایلفابیٹ کمپنی کے سربراہ ہے۔

اس سال جاری ہونے والی فہرست میں دس نئے ناموں کا بھی اضافہ ہوا ہے جن میں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود چودھویں نمبر پر ہیں۔ گزشتہ سال ان کی جگہ پر سعودی عرب کے سابق فرامانروا تھے۔

امریکہ میں صدارتی دوڑ میں شریک ہلری کلنٹن کی اس سال اس فہرست میں 58 نمبر پر واپسی ہوئی ہے۔ 2011 میں وہ 16 ویں نمبر پر تھیں۔ نئے آنے والے دیگر افراد میں کینیڈا کے ویزاعظم جسٹن ٹروڈو (69 ویں نمبر پر) اور امریکہ میں صدارتی نامزدگی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ (72 ویں نمبر پر) شامل ہیں۔

فوربز کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے (41 ویں نمبر پر) 22 عدد کے ساتھ اپنی پوزیشن میں سب سے زیادہ بہتری لائے ہیں۔

اس فہرست میں شامل 30 افراد کا تعلق امریکہ سے ہے جبکہ چین سے آٹھ، جاپان اور روس سے چار، چار، بھارت اور فرانس سے تین، تین اور ہانگ کانگ سے ایک فرد شامل ہے۔

تہتر طاقتور ترین افراد میں سے نو خواتین ہیں جبکہ فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ (19ویں نمبر پر) اور شمالی کوریا کے کم جونگ ان (46ویں نمبر پر) بالترتیب 31 اور 32 سال کے ساتھ کم عمر ترین افراد ہیں۔

XS
SM
MD
LG