رسائی کے لنکس

کارکن جمعرات کو پارلیمنٹ لان خالی کردیں: طاہر القادری


اپنے خطاب میں، ڈاکٹر طاہر القادری نے جڑواں شہروں میں رہنے والے افراد سے دھرنے میں شریک بچوں کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں فیڈرز، دودھ، مختلف انداز کے جھولے، کھلونے اور کرکٹ کھیلنے کے لئے بیٹ بال بھیجنے کی اپیل کی

کراچی ۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے دھرنے پر بیٹھے ہوئے شرکا سے جمعرات کو پارلیمنٹ کا لان خالی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

بدھ کی شام پی ٹی آئی کی طرف سے اس کے رہنما شاہ محمود قریشی جبکہ پی اے ٹی کی جانب سے ڈاکٹر طاہر القادری نے شرکا سے خطاب کے دوران یہ ہدایات جاری کیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان کے پیغام پر ایسا کہہ رہے ہیں۔ یہ پیغام شیخ رشید نے ان تک پہنچایا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان کسی بھی عمارت پر حملہ نہ کریں۔

اس موقع پر طاہر القادری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں ارکان اسمبلی کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کے خلاف ہونے والی تنقید کا جواب بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن کی ایف آئی آر درج ہوگئی، لیکن نامزد ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ لہذا، نامزد ملزمان کے نام فوری طور پر ای سی ایل میں ڈال کر انہیں گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کارکنان کو پارلیمنٹ کے سامنے بستر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان حکمرانوں کے استعفے تک بستر لگا کر یہاں بیٹھیں، ہم شریف برادران کے استعفے تک یہاں سے نہیں جائیں گے۔

بچوں کے لئے فیڈرز اور جھولے بھیجنے کی ہدایت
انہوں نے خطاب کے دوران جڑواں شہروں میں رہنے والے افراد سے دھرنے میں شریک بچوں کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں فیڈرز، دودھ، مختلف انداز کے جھولے، کھلونے اور کرکٹ کھیلنے کے لئے بیٹ بال بھیجنے کی بھی اپیل کی۔

’آزادی ‘اور’انقلاب‘ مارچ کے شرکاٴ کے درمیان کرکٹ میچ
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے شرکا کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا جائے، جبکہ عمران خان بذات خود نوجوانوں کو کرکٹ کھیلنے کی تربیت دیں۔ انہوں نے خود بھی کرکٹ کھیلنے کا اعلان کیا۔

تین دن میں لاکھوں افراد جمع کرلوں گا
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ بات کہی جا رہی کہ چند ہزار افراد دھرنے میں بیٹھے ہیں تو میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر ہمارے 25 سے 30 ہزار گرفتار کارکن رہا کردیئے جائیں،کنٹینرز ہٹا دیئے جائیں تو وہ تین دن کے اندر اندر لاکھوں افراد کو اکھٹا کرکے دکھا دیں گے۔ اور اگر وہ ایسا نہ کرسکے تو ازخود دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیں گے۔

XS
SM
MD
LG