رسائی کے لنکس

کرنسی نوٹوں پر سیاسی نعرے لکھنے کی مہم دلچسپ ہوگئی


ریسرچ کے بعد معلوم ہوا ہے کہ کرنسی نوٹوں پر لکھنا غیر قانونی عمل ہے۔ لہذا، کارکن کرنسی نوٹوں پر نعرے لکھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر سیاسی نعروں کی مہم شروع کریں۔۔۔۔۔ ظاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ، ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے شروع کی جانے والی کرنسی نوٹوں پر سیاسی نعرے لکھنے کی مہم اب ایک نیا اور دلچسپ رخ اختیار کر گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کارکن کرنسی نوٹوں پر نعرے لکھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر سیاسی نعروں کی مہم شروع کریں اور ہر ایس ایم ایس کے آخر میں ’گو نواز گو‘ لکھا جائے۔

پاکستان میں کرنسی نوٹ چھاپنے کے ذمے دار مالیاتی ادارے ۔۔’اسٹیٹ بینک آف پاکستان‘ کے اس واضح اعلان کے بعد کہ سیاسی نعروں کے حامل کرنسی نوٹ کہیں قبول نہیں ہوں گے اور اس طرح کا نوٹ اپنی ویلیو کھو دے گا، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کرنسی نوٹوں پر سیاسی نعرے لکھنے کی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا۔

طاہر القادری نے حکومت پر دباوٴ ڈالنے کی غرض سے اتوار کو کرنسی نوٹوں پر ’گو نواز گو‘ لکھنے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، پیر کو انہوں نے یہ کہہ کر اپنی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا کہ ’ریسرچ کے بعد، انہیں معلوم ہوا ہے کہ کرنسی نوٹوں پر لکھنا غیر قانونی عمل ہے۔ لہذا، کارکن کرنسی نوٹوں پر نعرے لکھنے کے بجائے سوشل میڈیا پر سیاسی نعروں کی مہم شروع کریں۔‘

ہر ایس ایم ایس کے آخر میں’گو نواز گو‘ لکھا جائے
پیر کو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کے دوران، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’غریبوں کو مالی نقصان سے بچانے اور قانون کے احترام میں وہ یہ مہم واپس لے رہے ہیں۔‘

تاہم، اس حوالے سے، انہوں نے ایک اور دلچسپ اعلان یہ کیا کہ ’جو شہری ظالمانہ نظام کو رد کرتے ہیں وہ ہرجگہ ’گو نواز گو‘ لکھیں اور ہر ایس ایم ایس کے آخر میں ’گو نواز گو‘ لکھا جائے۔‘

پچاس سال پہلے چلنے والی مہم کی یادیں
طاہر القادری کی اس مہم نے اب سے پچاس سال پہلے بلوچ قوم پرست رہنما اور بلوچستان نیشنل عوامی پارٹی کے بانی رہنما، میر غوث بخش بزنجو کی یاد تازہ کردی ہے۔ انہوں نے 100 روپے مالیت کے نوٹ پر ’بریک اپ ون یونٹ‘ لکھنے کی مہم شروع کی تھی۔

سنہ 1960ء کے وسط میں شروع کی جانے والی اس مہم کے خلاف ڈسٹرکٹ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں باقاعدہ جرگہ ترتیب دیا گیا جس نے بزنجو کو 14سال قید کی سزا سنائی تھی۔

XS
SM
MD
LG