رسائی کے لنکس

قطرینہ کیف فیشن ڈیزایئنر بننے کی تیاری میں


پردہٴ سکرین سے ملبوسات تک

فلموں میں اپنے حسن کا جادو جگانےکے بعد اب قطرینہ فیشن ڈیزایئنر کے طور پر ماڈلز کو تربیت دینا چاہتی ہیں۔

بالی وڈ کی خوبصورت ترین ہیروین کی حیثیت سے مقبولیت رکھنے والی قطرینہ کیف فلموں کے باہر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتی ہیں۔ کئی کامیاب فلموں کے بعد انہوں نے فیشن ڈیزایئنگ کو اختیار کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ وہ اس کے لئے اپنا ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کرچکی ہیں اور اپنے ڈیزایئنر راکی یس کی خدمات حاصل کررہی ہیں۔

بتا یا جاتا ہے کہ قطرینہ نے بھارت کے مختلف شہروں اور بیرون ملک اپنے فیشن ڈیزایئنگ ادارہ کی شاخیں قائم کرنے کے فیصلے کو عملی شکل دینے کا آغاز کردیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ مستقبل قریب میں اس منصوبہ کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔


بالی وڈ کے حلقوں میں یہ اطلاعات بھی گشت کررہی ہیں کہ قطرینہ ابھرتے ماڈلز کو ٹریننگ دینے کے لئے ایک اکادمی قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس اکادمی میں نئے ماڈلز کو نہ صرف تیا کیا جائےے گا بلکہ انہیں ماڈلنگ کی دنیا اور فلموں میں متعارف کیا جائے گا۔

قطرینہ نے اپنے ان منصوبوں کی توثیق کی۔ ایک اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بعض تجاویز زیر غور ہیں لیکن ان کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ چونکہ منصوبہ کافی بڑا ہے اس لئے اس کو عملی جامہ پہنانے میں کچھ وقت ضرور لگے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس منصوبہ پر عمل کرتے ہوے قطرینہ فلموں کو خیرباد کہنے کا تہیہ کرچکی ہیں۔ ان کے قریبی دوست سلمان خاں بھی قطرینہ کو فلموں سے چھٹی لینے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ اس مجوزہ پراجیکٹ میں سلمان کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس نئے میدان میں قطرینہ کس حد تک کامیاب رہیں گی۔

XS
SM
MD
LG